143

ٹیکسوں کی ادائیگی کیلیے ایف بی آر کا نیاسسٹم متعارف

اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کے لیے نیا مربوط سسٹم epayment 2.0 متعارف کروا دیا۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق اس سسٹم کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی یکجا کر دی گئی ہے۔ ٹیکسوں کی ادائیگی کا نیا سسٹم IRIS 2.0 پورٹل کے اندر دستیاب ہے۔

حکومت پاکستان کے وژن کے تحت پاکستان کے ٹیکس کے نظام کو جدید بنانے کی راہ میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ نئے سسٹم سے صارفین کو انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ کے ذریعے آسان آن لائن ادائیگی کی سہولت میسر ہوگی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو ePayment 2.0 کے ذریعے ایک جامع اور بہتر یوزر فرینڈلی انٹرفیس فراہم کیا ہے۔ ادائیگی مکمل ہونے پر تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (سی پی آر) ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے جاری کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق یہ انقلابی جدت ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں ایف بی آر کی لیڈر شپ کی آئینہ دار ہے، ایک ہی مربوط انٹرفیس فراہم کرنے سے متعدد لاگ اِنز اور پلیٹ فارم تبدیل کرنے کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔ایف بی آر زیادہ مؤثر، ڈیجیٹلی ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں