ٹیکسلا پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی، آئس (ICE) جیسے زہرِ قاتل کا بڑا ڈیلر گرفتار
سی پی او راولپنڈی کی خصوصی ہدایت پر اور ایس ایچ او ٹیکسلا کی نگرانی میں ٹیکسلا پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آئس (ICE)جیسے زہرِ قاتل کی ترسیل میں ملوث ایک بڑے ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی اے ایس آئی غازی عمر عباس جنجوعہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دوران ناکہ بندی سرانجام دی، جس کے دوران ملزم کے قبضے سے 5 کلو گرام آئس(ICE) برآمد کر لی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم شفیق الرحمن صوبہ KPK سے راولپنڈی اور پنجاب تک آئس(ICE) کا بڑا ڈیلر تھا اور طویل عرصے سے منظم نیٹ ورک کے تحت یونیورسٹیوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم نوجوانوں کو آئس سپلائی کرنے میں ملوث تھا، جس سے نوجوان نسل کی زندگیاں شدید خطرے میں تھیں۔ ٹیکسلا پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث آئس جیسے زہرِ قاتل کی ترسیل کا یہ خطرناک سلسلہ منقطع کر دیا گیا، جس سے درجنوں نوجوانوں اور خصوصا طلبہ کو ممکنہ تباہی اور بربادی سے بچا لیا گیا۔
ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے سہولت کاروں، سرپرستوں اور نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور معاشرے کو تباہ کرنے والے زہر فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت آئندہ بھی بلاامتیاز اور سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ منشیات فروشی یا اس سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے