ٹکٹوں کی تقسیم پر سیاسی پارٹیاں بھی بکھرگئیں امیدواروں کا آزاد حصہ لینے کا اعلان

کلرسیداں (راجہ غلام قنبر‘ نمائندہ پنڈی پوسٹ) انتخابی عملہ تمام تر افواہوں کے باوجود اپنے نظام الاوقات کے مطابق جاری ہے اسی سلسلہ کا اہم ترین مرحلہ ٹکٹوں کی تقسیماور باقاعدہ اعلان ہے جس پر گزشتہ روز عمل درآمد ہوا۔ تمام اہم پارٹیوں نے ٹکٹوں کا اعلان آخری دن ہی کیا۔ بات کی جائے مری،کوٹلی ستیاں، کہوٹہ اور کلرسیداں پر مشتمل حلقہ این اے 51 راولپنڈی 1 اور پی پی 6 اور پی پی 7 کی تو اس میں پی ٹی آئی نے زبردست حکمت عملی کے تحت ٹکٹ تقسیم کیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق این اے 51 کے لئے سابق ایم پی اے میجر(ر) لتاسب ستی کو ٹکٹ دیا گیا جن کا تعلق تحصیل کوٹلی ستیاں سے اور پی پی 6 کا ٹکٹ تحصیل مری میں سہیل عباسی کو دیا گیا یوں علاقائی تقسیم کے اعتبار سے مری،کوٹلی دونوں کے کارکنان کو مطمئن کیا گیا جبکہ پی پی 7 کا ٹکٹ کرنل(ر) شبیر اعوان کو دیا گیا جن کا تعلق کلرسیداں سے ہے اس طرح پی ٹی آئی نے ایک مضبوط پینل تشکیل دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی کے متعلق سننے میں آ رہا ہے کہ وہ آزاد حیثیت میں امیدوار ہوسکتے ہیں ایسے میں میجر لتاسب ستی کو کافی نقصان ہوگا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹوں پر دونوں جماعتوں کے کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔ اس میں سب سے زیادہ بری حالت مسلم لیگ ن کی ہے۔ کلرسیداں سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے محمود شوکت بھٹی نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں بطور ایم این اے حصہ لینے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے باوثوق ذرائع کے مطابق محمود شوکت بھٹی کیساتھ پی پی 6 سے راجہ عتیق سرور اور پی پی 7 راجہ ندیم احمد آزاد حیثیت سے ایم پی اے کے امیدوار ہونگے۔

یاد رہے کہ راجہ عتیق سرور مسلم لیگ ن کی صوبائی نائب صدارت سے احتجاجاً مستعفی ہوگئے ہیں راجہ عتیق سرور مسلم لیگی امیدوار قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور کے چچا ہیں اسی طرح سابق ایس ایس پی راجہ طیفور اختر جن کا تعلق مٹور سے ہے وہ بھی آزاد امیدوار ہیں جنکے متلعق کہا جا رہا ہے کہ یہ بھی ن لیگ کی گروپ بندی کا نتیجہ ہے۔ کیونکہ مسلم لیگ ن نے ایم پی اے کا ٹکٹ سابق ایم پی اے راجہ صغیر احمد کو دیا ہے۔ راجہ صغیر احمد اپنا ذاتی دھڑا رکھتے ہیں لیکن گزشتہ دور حکومت میں بہت سے لوگ راجہ صغیر سے ناراض بھی ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی بات کی جائے تو گزشتہ انتخابات کی ٹکٹ ہولڈر مہرین انور راجہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے جسکی وجہ سے حلقہ میں گزشتہ نو سال سے متحرک آصف شفیق ستی سراپا احتجاج ہیں آصف شفیق ستی سوموار کو اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے کچھ حلقے آصف شفیق ستی پر زور ڈال رہے ہیں کہ آصف ستی آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیں۔ آصف ستی کے لائحہ عمل کا پتہ اب سوموار کو ہی چلے گا۔پیپلز پارٹی نے پی پی 6 سے تحصیل صدر مری نذیر عباسی ایڈووکیٹ اور پی پی 7 سے ضلعی صدر اور سابق صوبائی مشیر و ایم پی اے چوہدری خالد مرحوم کے بھتیجے چوہدری ظہیر کو ٹکٹ جاری کیاہے۔ یاد رہے کہ چوہدری ظہیر اور کرنل شبیر دونو کا تعلق یونین کونسل سموٹ کلرسیداں سے ہے۔ ٹکٹوں کے اعتبار سے دیکھا جائے تو این اے 51 سے میجر لتاسب ستی اور پی پی 7 سے کرنل شبیر مضبوط امیدوار ہیں البتہ غلام مرتضی ستی آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑتے ہیں تو پھر بالخصوص اور ویسے بالعموم اگر حلقہ کی پیپلز پارٹی کے اختلافات مہرین انور راجہ نے ختم کروا لیئے تو پھر ایک تگڑا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ کیونکہ نون لیگ کا باغی پینل بھی تادم تحریر میدان میں مکمل موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں