ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، بڑے شہروں میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ جہلم میں ٹماٹر کی قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے اسے خریدنا مشکل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ کھانوں میں ٹماٹر کا استعمال کم کرنے پر مجبور ہیں۔
گوجرانوالہ میں ٹماٹر 575 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جس کا ذمہ دار حالیہ سیلاب کے اثرات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سپلائی میں نمایاں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے ہول سیل مارکیٹ کے نرخوں میں اضافہ ہوا ہے۔فیصل آباد میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو، ملتان میں 450 روپے فی کلو جب کہ لاہور میں 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جو کہ حکومت کی مقرر کردہ قیمت 175 روپے سے کہیں زیادہ ہے۔
شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کوئٹہ میں ٹماٹر 300 سے 350 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں جس سے یہ بہت سے شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے وہ خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔پشاور میں حکومت کی جانب سے قیمت 320 روپے مقرر ہونے کے باوجود ٹماٹر 450 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے بند ہونے سے ٹماٹر کی سپلائی کم ہو گئی ہے۔ کراچی میں بھی ٹماٹروں کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں فی کلو ٹماٹر 500 سے 700 روپے کے درمیان فروخت ہو رہے ہیں۔