لاہور (حذیفہ اشرف) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کے تاریخی دن پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کی خوبصورت، باوقار اور متنوع ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔ یہاں کے بہادر عوام نے آزادی کی جدوجہد میں جو قربانیاں دیں، وہ ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ نہ صرف پاکستان کا فخر ہیں بلکہ ان کی محنت، روایات اور مہمان نوازی پورے ملک کے لیے مثال ہیں۔ خطے کی حسین وادیوں اور ثقافتی ورثے نے پاکستان کی پہچان کو مزید نکھارا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔