وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ،عوامی شکایات پر ایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب کی انسپیکشن ٹیم نے ہولی فیملی اسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں مریضوں اور ان کے لواحقین نے اسپتال کی خدمات کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیے۔ مریضوں کا کہنا تھا کہ اسپتال میں انہیں ادویات فراہم نہیں کی جا رہی اور ڈاکٹرز کا رویہ بھی نہایت سرد تھا۔انسپیکشن ٹیم نے فوری طور پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر اعجاز بٹ کو عہدے سے ہٹا دیا، جبکہ عملے کی شکایات پر اے ایم ایس ڈاکٹر اختر کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مریضوں نے اسپتال میں سہولتوں کی کمی، صفائی کی حالت اور طویل انتظار کے مسائل بھی اجاگر کیے۔ ان شکایات کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر نے اسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر ان مسائل کا حل نکالا جائے اور مریضوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔انسپیکشن ٹیم کا کہنا تھا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اسپتال میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس دورے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اسپتالوں میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر صحت کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔