نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات، عبدالرزاق سیال کامیاب، فرقان راؤ جنرل سیکرٹری منتخب

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سالانہ انتخابات 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ناصر زیدی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف عہدوں پر منتخب امیدواروں کے ووٹوں کی تفصیل بھی جاری کی گئی ہے۔

نتائج کے مطابق عبدالرزاق سیال 1067 ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہو گئے۔ نائب صدور کی نشستوں پر احتشام الحق 1202 ووٹ لے کر پہلے، بشیر چوہدری 1076 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ عثمان خان 1015 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر منتخب ہوئے۔ خواتین کی نائب صدر کی نشست پر سحرش قریشی 1049 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں۔

جنرل سیکرٹری کی نشست پر ڈاکٹر فرقان راؤ 1024 ووٹ حاصل کر کے منتخب ہوئے۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر شیراز علی گردیزی 1228 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ سید عون شیرازی 1121 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر منتخب ہوئے۔ خواتین کی جوائنٹ سیکرٹری نشست پر شکیلہ جلیل 1162 ووٹ لے کر کامیاب رہیں۔ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر عابد عباسی 1061 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔

گورننگ باڈی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والوں میں عامر رفیق بٹ 1206، عثمان خان 1165، ابرار حسین استوری 1087، مدثر الحسن 1086، شاہد ملک 1065، شکیل اعوان 1061، عاصم گیلانی 1055، تنویر شہزاد 1021، نثار احمد 1001، مشکور علی 995، سردار یوسفزئی 968، رانا عثمان 961، نوابزادہ خورشید 950، محمد داؤد 921 اور عثمان جاوید ملک 884 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔

خواتین کی گورننگ باڈی کی دو نشستوں پر فرح ربانی 942 اور عائشہ ناز 904 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں۔

الیکشن کمیٹی کے مطابق تمام کامیاب امیدوار آئندہ مدت کے لیے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی منتخب باڈی کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.