نوجوانوں کے درمیان عوام دوست پولیسنگ کی عملی مثال: اے ایس پی سید دانیال حسن

تحریر :- حماد چوہدری

اے ایس پی گوجرخان سید دانیال حسن گزشتہ روز بیول کے مقام پر منعقدہ دسمبر والی بال ٹورنامنٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جہاں ان کی آمد پر نوجوانوں اور منتظمین کی جانب سے پُرجوش استقبال کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اے ایس پی سید دانیال حسن سے ملاقات کی، ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ایک اعلیٰ پولیس افسر کو اپنے درمیان پا کر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔

اے ایس پی سید دانیال حسن کی یہ شرکت محض ایک رسمی تقریب نہیں تھی بلکہ یہ آئی جی پنجاب کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے عوام دوست، اصلاحی اور کمیونٹی پولیسنگ کے وژن کی عملی تعبیر تھی۔ ان کا نوجوانوں میں گھل مل جانا، ان کے مسائل سننا اور کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے پر حقیقی معنوں میں یقین رکھتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایس پی سید دانیال حسن نے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں، منشیات اور جرائم سے دور رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند اور پُرامن معاشرے کی بنیاد کھیل کے میدانوں سے ہی رکھی جاتی ہے اور پولیس نوجوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اے ایس پی سید دانیال حسن کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی مثبت رہنمائی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق، کمیونٹی پولیسنگ کا اصل مقصد یہی ہے کہ پولیس کو عوام کا محافظ ہی نہیں بلکہ ان کا دوست بھی بنایا جائے۔

نوجوانوں کے ساتھ بیٹھنا، ان کے ساتھ کھانا کھانا، ان کی بات سننا اور انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ اے ایس پی سید دانیال حسن ایک فرض شناس، عوام دوست اور فیلڈ میں متحرک افسر ہیں، جو دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

عوامی حلقوں اور نوجوانوں نے اے ایس پی سید دانیال حسن کے اس اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے افسران کی بدولت پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ بلاشبہ اس قسم کی سرگرمیاں نوجوانوں کے دلوں میں پولیس کے لیے مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں، جو ایک محفوظ، پُرامن اور خوشحال پنجاب کی ضمانت ہیں۔