راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)نئے سال کے آغاز پر پنجاب کے عوام کو الیکٹرک بسوں کا تحفہ ملنے کے لیے تیار ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کی نگرانی میں چین سے درآمد کی جانے والی الیکٹرک بسوں کی تیاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے بسوں کی تیاری کے تمام مراحل کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے، جس میں بسوں کی مکمل جانچ اور ٹیسٹنگ دکھائی گئی ہے۔
ویڈیو میں بسوں کی رفتار، ٹائروں کے معیار اور شارٹ سرکٹنگ سمیت تمام اہم پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ان الیکٹرک بسوں کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں عوام کی سہولت کے لیے چلایا جائے گا، جس سے نہ صرف عوام کو جدید سفری سہولت ملے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوگی۔