پاکستان کے ایٹمی شہرت یافتہ شہر کہوٹہ سے محض چند فرلانگ کے فاصلے پر واقع محلہ گلہ نیو کچہری آج بھی بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہے۔ جدید دور میں جہاں شہروں میں ترقی کے بلند و بانگ دعوے کئے جا رہے ہیں، وہیں یہ علاقہ آج بھی پسماندگی کی واضح تصویر پیش کر رہا ہے، جہاں زندگی کی بنیادی ضروریات ایک خواب بن چکی ہیں۔
علاقے میں پختہ گلیوں کا فقدان ہے جس کے باعث معصوم بچے روزانہ اسکول آتے جاتے شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ بارش کے دنوں میں گلیاں کیچڑ اور دلدل کا منظر پیش کرتی ہیں، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ بزرگوں اور مریضوں کے لئے گھروں سے باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔
محلہ گلہ نیو کچہری کے مکین آج بھی گیس کی سہولت سے محروم ہیں اور کھانا پکانے کے لئے لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں، جس سے خواتین اور بچوں کو مختلف بیماریوں کا سامنا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، خواتین میلوں دور سے سر پر پانی اٹھا کر لانے پر مجبور ہیں، جو کہ جدید دور میں لمحہ فکریہ ہے۔
بجلی کی صورتحال بھی نہایت تشویش ناک ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق بجلی بغیر مناسب کھمبوں اور انفراسٹرکچر کے فراہم کی گئی ہے، جس سے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔ بیماری یا ایمرجنسی کی صورت میں سڑک نہ ہونے کی وجہ سے مریض کو چارپائی پر اٹھا کر مرکزی سڑک تک لے جانا پڑتا ہے، جو ایک اذیت ناک عمل ہے۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار حلقے کی منتخب قیادت اور متعلقہ انتظامیہ کو ان مسائل سے آگاہ کر چکے ہیں، تاہم آج تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ مکینوں کے مطابق کہوٹہ ٹاؤن کی حدود میں رہنے کے باوجود انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی دورافتادہ اور نظرانداز شدہ علاقے کے باسی ہوں، جہاں بنیادی سہولیات کا کوئی تصور نہیں۔
علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ نوٹس لیتے ہوئے محلہ گلہ نیو کچہری میں سڑک، گیس، صاف پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ یہاں کے باسی بھی باعزت اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔