62

میجر حمزہ شہید،سکول سے شہادت تک

آج سے تقریباً 25 سال قبل ساگری کے گاؤں توپ مانکیالہ کی ایک خاتون اپنے بچے کو ہمارے سکول میں داخلے کیلئے لے کر آئی۔میں نے خاتون سے استفسار کیا کہ بچے کے والد خود کیوں نہیں آئے تو انہوں نے جواب میں کہا کہ بچے کے والد پاک آرمی میں ملازمت کرتے ہیں اسلئے وہ نہیں آ سکتے تو خیر ہم نے بچے کو داخل کر لیا اور پھر مسلسل 10 سال تک گرمی ہو سردی ہو یا آندھی طوفان والدہ بچے کو ہر حالت میں روزانہ سکول صبح چھوڑ کر اور چھٹی کے وقت واپس لیکر جاتی رہیں اب میں اور میرا سارا سٹاف اس باہمت ماں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ باتیں پری کیڈٹ سکول ساگری کے پرنسپل نعیم اکرم نے سکول ہذا سے فارغ التحصیل طالب علم حمزہ اسرار بارے راقم سے گفتگو کرتے ہوئے بتائیں۔یہی بچہ حمزہ اسرار اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاک آرمی جوائن کرتا ہے اور پھر کم عمری میں میجر کے عہدے پر فائز ہو کر اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران ایک ماہ قبل جام شہادت نوش کر جاتا ہے۔اسی سلسلے میں پری کیڈٹ سکول ساگری میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور میجر حمزہ اسرار شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز حافظ شاہد محمود نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ میجر حمزہ شہید کی آواز میں ریکارڈ کی ہوئی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی۔تقریب میں میجر حمزہ شہید کے والدین اور بھائیوں نے خصوصی طور پر شرکت کی اور دیگر مہمانان گرامی آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژن صدر ابرار احمد خان، ضلعی جنرل سیکرٹری آغا شہاب، نیئر کمال، پرویز وکی، پرویز اقبال، دارارقم کے پرنسپل توقیر احمد، الائیڈ سکول شاہ باغ کے پرنسپل چوہدری تسنیم، سپارکلنگ سکول کے پرنسپل راجہ سبطین، ایف سی سکول ساگری کے پرنسپل اقرار حسین کاظمی، سمارٹ لائسم سکول کے پرنسپل محمد جہانگیر و مسز جہانگیر، علامہ عمران قادری پنجتنی، علامہ ذوالقرنین حیدر، شیخ ساجد الرحمن، چیف ایڈیٹر عبد الخطیب چوہدری، سابق چیئرمین زبیر کیانی، سابق چیئرمین راجہ شہزاد یونس، سابق ناظم چوہدری بابو غضنفر اقبال، راجہ جاوید اشرف، ملک اشتیاق، چوہدری طاہر محمود، سعید منہاس، شاہد محمود، ذوالفقار کیانی، وحید کھوکھر، چوہدری الیاس، ضیاء حسین شاہ، ارشد تبریز، قاضی جنید، سینئر صحافی آصف شاہ، ملک عرفان، ناہید جبار، راجہ اشفاق سمیت عوام علاقہ کے علاوہ طلباء و طالبات اور ان کے والدین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں سکول کے ننھے منے بچوں نے خوبصورت انداز میں ٹیبلوز پیش کر کے سامعین سے داد وصول کی۔تقریب کی خاص بات کہ جب میجر حمزہ شہید کی بچپن و لڑکپن سے پاک آرمی میں جوائننگ اور شہادت کے رتبہ پر فائز ہونے تک پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی تو تقریب پر ایک سکتہ طاری ہو گیا جس نے سامعین کو آبدیدہ کر دیا۔سامعین نے دستاویزی فلم کی بہترین تیاری پر سکول ہذا کی ٹیچر سدرہ بتول اور انکے شوہر غلام عمران کو داد دیتے ہوئے ان کی دن رات کی انتھک محنت اور کاوش کو سراہا جبکہ چیف ایڈیٹر عبد الخطیب چوہدری نے پروگرام کو بہترین آرگنائز کرنے پر سدرہ بتول کو 2 ہزار روپے نقد انعام دیا۔

بعدازاں شہید میجر حمزہ کے والد اور والدہ محترمہ کے علاوہ علامہ عمران قادری پنجتنی، بابو غضنفر اقبال، عبد الخطیب چوہدری، علامہ ذوالقرنین حیدر، راجہ شہزاد یونس، آصف شاہ، چوہدری طاہر، راجہ سبطین اور ماسٹر منور حسین شاد نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے جبکہ ای ایجنٹ ڈیسک کے سی ای او ملک محمد علی، ڈائریکٹر ملک سیف، محب مرتضیٰ اور چیف آرگنائزر ماسٹر منور حسین شاد نے مسلسل 3 سال سے اپنی کلاس میں 90 فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرنے والے طلباء میں شیلڈز تقسیم کیں۔تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سینئر کالم نگار و اداکار طارق بٹ نے سرانجام دئیے۔

تقریب میں آنے والے تمام معززین نے سکول کے پرنسپل نعیم اکرم، مسز نعیم اکرم اور سارے سٹاف کو بہترین ڈسپلن کے ساتھ عمدہ پروگرام پیش کرنے اور ہمیشہ سکول کی اعلی’ کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔آخر میں پرنسپل نعیم اکرم نے تمام مہمانان گرامی، بچوں کے والدین اور عوام علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی بچوں کو اعلیٰ تعلیمی معیار مہیا کریں گے اور انشاء اللہ ہماری درسگاہ سے میجر حمزہ شہید جیسے طالب علم تیار ہوتے رہیں گے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں