مویشی پال حضرات کے لئے بری خبر

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) مویشی پال حضرات کے لئے بری خبر، نومبر کے مہینہ میں ونڈا کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ قیمتوں میں ایک ہفتہ میں مجموعی طور پر 165 روپے فی بیگ کا اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق مویشی پال حضرات کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ چوکھر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے بعد اب وانڈا کی قیمت میں 90 روپے فی بیگ اضافہ کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں 21 نومبر کو بھی 75 روپے فی بیگ قیمت مین اضافہ کیا گیا تھا۔ وانڈا بیگ کا عمومی طور پر وزن 40 کلوگرام ہوتا۔ قیمتوں میں کمی پیشی 40کلو گرام کے بیگ کے حوالہ سے کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ وانڈا کھل، چوکھر، روٹی وغیرہ کا جدید نعم البدل ہے۔ اچھی کوالٹی کا وانڈا دودھ بڑھانے کیساتھ جانور کو صحت مند بھی رکھتا ہے اور افزائش نسل میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ کھل، چوکھر اور ونڈا کی قیمتوں میں اضافی سے دودھ کی پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے۔ مویشی پال حضرات کا کہنا ہے دودھ اور دودھ کی مصنوعات کی سرکاری قیمت کا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ مویشی پال اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔ یاد رہے کہ دودھ دہی کی قیمت گورنمنٹ طے کرتی ہے لیکن جانوروں کو ڈالے جانیوالی خوراک کی قیمتوں کے تعین پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔