راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)موٹر وے پر پھسلن کے باعث کوسٹر گہرائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 17 مسافر زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق موٹر وے ایم ون پر براہمہ اور سنگجانی کے درمیان افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مسافر کوسٹر بارش کے باعث پھسلن کے سبب بے قابو ہو کر گہرائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 راولپنڈی کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں سے 6 افراد کو اسلام آباد کے پمز اسپتال جب کہ 5 زخمیوں کو واہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں مزید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق باقی 6 زخمیوں کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ بارش کے باعث سڑک پر پھسلن بتائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں کوسٹر قابو سے باہر ہو کر گہرائی میں جاگری۔متعلقہ حکام نے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔