ملک بھر کے گیس صارفین کیلئے بری خبر آگئی۔ گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025،26 کیلئے گیس مہنگی کرنے کی درخواستیں دے دیں۔ اوگرا نے سماعت کیلئے تاریخیں بھی مقرر کردی ہیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی میں سوئی نادرن کی درخواست پر 7 نومبر اور سوئی سدرن کی درخواست پر 11 نومبر کو سماعت ہوگی۔ سوئی نادرن نے اپنی درخواست میں 179 روپے اضافے کے ساتھ گیس کی اوسط قیمت 1955 روپے 50 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
درخواست میں رواں مالی سال کیلئے ضرویات کا تخمینہ 52 ارب 95 کروڑ روپے اور ایل پی جی ائیرمکس منصوبےکی سبسڈی کی مد میں 58 کروڑ 20 لاکھ روپے شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
سوئی سدرن نے اپنی درخواست میں گیس 125 روپے 41 پیسے مہنگی کرکے اوسط مقررہ قیمت 1658 روپے 56 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی درخواست کی ہے۔
درخواست میں رواں مالی سال کیلئے مالی ضروریات کا تخمینہ 24 ارب سے زائد لگایا گیا ہے جبکہ گزشتہ برسوں کے خسارے کی مد میں 34 ارب 25 کروڑ روپے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔