علاقائی

ملٹری اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جشن آزادی تقریب

رپورٹ: عریشہ ندیم
پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی آفس کنٹرولر ملٹری پینشن لاہور میں حلقہ ء ارباب ادب ملٹری اکاؤنٹس کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے جشنِ آزادی کے موقع پر ایک پُر وقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صاحب ستارہء امتیاز نامور محقق و مفکر پروفیسر عبدالروف رفیقی ڈائریکٹر اکادمیِ اقبال پاکستان نے فرمائی جب کہ پاکستان ٹی وی کے مایہ ناز اداکار، پرائیڈ آف پرفارمنس جناب راشد محمود نے شریکِ صدارت ہو کر محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔مہمان خصو صی جناب جناب عمران اختر ورک کنٹرولر ملٹری پینشن لاہور، دور حاضر کے معروف سیرت نگار جناب پروفیسر تفاخر محمود گوندل،معروف کالم نگار و شاعر امجد علی اور نامور کالم نگار و ادیب ادب اطفال ندیم اختر غزالی آفیسر ایم اے جی آفس نے اس موقع پر خصوصی خطاب کیا۔


ڈاکٹر عبدالروف رفیقی ڈائریکٹر اکادمیِ اقبال پاکستان نے اس موقع پر اپنے پُراثر خطاب میں فکرِ اقبال پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصوّرِ پاکستان کے افکار نے ایک مردہ قوم کو حیاتِ نو بخشی۔ اقبال کے کلام میں عشقِ رسول ﷺ‘ قرآن کی حکمت، اور عمل کی تپش موجود ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو قوموں کو زوال سے عروج تک لے جاتا ہے۔ آج قوم کی سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ اقبالؒ اور اُن کے کلام کو ملکی نصاب کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل اپنی اصل پہچان سے آشنا ہو، غلامانہ سوچ سے نکلے اور ایک زندہ و تابندہ قوم کے طور پر ابھرے۔انھوں نے مزید ارشاد فرمایا کہ اقبال اکیڈمی پاکستان اپنی متعدد تحقیقی سرگرمیوں کے تحت، کلامِ اقبال کا ترجمہ عالمی زبانوں میں کروا رہی ہے، جیسے کہ انگریزی، فارسی، ترکی، عربی وغیرہ۔ یہ ادارہ آن لائن ڈیجیٹل لائبریری اور ویب سائٹس کے ذریعے عالمی سطح پر اقبالیات تک رسائی آسان بنا رہا ہے۔
سیرتِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وسلم کے خوش بیان ترجمان، پروفیسر تفاخر محمود گوندل نے اپنے مدلل اور پر اثر خطاب میں فرمایا کہ آزادی کی حقیقی اہمیت کا اندازہ اس تاریخی حقیقت سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جب بھی دشمن نے ہماری آزادی پر شبِ خون مارنے کی ناپاک جسارت کی، تو ہماری قوم کے جذبے آندھی و طوفان بن کر اٹھے اور دشمن کے خوابِ غفلت کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے گئے۔انھوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو شعور دیا کہ اگر وہ اپنی کھوئی ہوئی عظمت بحال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں رسولِ کریم ﷺ ک ے لائے ہوئے نظام کو اپنا نصب العین بنانا ہوگا۔اسی پیغام کی تکمیل قائداعظم محمد علی جناح نے کی، اور نتیجتاً ہمیں آزادی کی یہ عظیم نعمت ملی۔
جناب عمران اختر ورک کنٹرولر ملٹری پینشن لاہور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلام اقبال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انھوں نے اس؎
بات پر زور دیا کہ آج کے اس جدید دور میں بھی اقبال کا پیغام ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ اگر ہم اُن کے کلام کو محض کتابوں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے عملی زندگی کا حصہ بنا لیں تو ہم اپنی کھوئی ہوئی عظمت واپس لا سکتے ہیں۔معروف کالم نگار جناب امجد علی نے کہا کہ ہمارا پیارا ملک پاکستان بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ یہ ملک محض زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک امانت ہے جو ہم پر اُن شہداء کا قرض ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ہزاروں ماؤں نے اپنے لختِ جگر قربان کیے، ہزاروں بہنوں نے اپنی عصمتیں نچھاور کیں، لاکھوں لوگ ہجرت کے دکھ سہہ گئے۔یہ سب کچھ اس لیے تھا کہ ہم آزاد فضا میں سانس لے سکیں اور اپنی زندگی کو اپنے دین اور اپنی تہذیب کے مطابق گزار سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالم نگار و ادیب ادب اطفال ندیم اختر غزالی نے جشن آزادی کے حوالے سے قوم کو مبارک باد دیتے ہو ئے کہا کہ معرکہ ء حق میں پاکستان کی فتح کے گونجتے ناقوسوں نے ایک بار پھر جنوبی ایشیا پربھارت کی بالا دستی اور پاکستان کو زیر نگیں کرنے کے تمام خواب چکنا چور کر دیے ہیں۔ معرکہ ء حق سے ارض پاک او ر بھارت کے مابین طاقت کا عدم توازن اپنی معنویت و اہمیت کھو بیٹھا ہے۔ معرکہء حق نے اس صریح صداقت پر مہر ثبت کر دی کہ اب طاقت کا پلڑا بھارت کے حق میں نہیں رہا۔ یہ معرکہ اب محض ایک کامیاب جنگ نہیں بلکہ ایک ایسا تابناک ڈیٹرینٹ بن گیا ہے جو ہمیشہ دشمن کی نگاہوں میں خوف اور لرزہ بن کر نقش رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر ایک شاندار مشاعرہ منعقد ہوا جس میں پاکستان ملٹری اکاؤنٹس کے مایہ ء ناز شاعر و ادیب جناب نوید مرزا نے اپنے خوبصورت کلام سے حاضرین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ اس مو قع پر انھوں نے ملٹری اکاؤنٹس میں اپنے والدبشیر رحمانی مر حوم کی ادبی خدمات کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے انھیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دیگر شعرا میں جناب احمد اخلاق آفیسر محکمہ فوڈ اتھارٹی،علی سانول، آفتاب اقبال، مقصود قاسم، میجر ثمینہ بٹ، محترمہ شبنم مرزا، پروفیسر تفاخر محمود گوندل، ممتاز راشد لاہوری نے اپنے دلکش اور فکر انگیز کلام سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ سامعین نے خوبصورت اشعار پر شعراء کو بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔اختتام تقریب پر حلقہء اربابِ ادب کے تمام اراکین نے اپنے مہمانانِ گرامی کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا کہ ان کی شرکت نے اس جشنِ آزادی کی تقریب کو بامقصد اور یادگار لمحات بنا دیا۔

Shahzad Raza

Recent Posts

روات،ڈمپر کی سوزوکی کو ٹکر 1 شخص جاں بحق 7زخمی

روات (نمائندہ خصوصی)تھانہ روات کی حدود میں جی ٹی روڈ پر واقع ریڈیو اسٹیشن کے…

5 minutes ago

پولیس کی بے حسی اشفاق شاہ کو نگل گئی

تھانہ جاتلی کے رہائشی سید اشفاق شاہ کی زندگی کا سکون اس وقت چھن گیا…

32 minutes ago

راولپنڈی میں ڈینگی بے قابو، کیسز کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی

راولپنڈی (19 ستمبر 2025):راولپنڈی میں ڈینگی وائرس مکمل طور پر بے قابو ہو چکا ہے،…

1 hour ago

اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص قصہ پارینہ بن چکا، مریم نواز

لاہور (19 ستمبر 2025):"اڈیالہ جیل میں بیٹھا وہ شخص، جو خود کو ناگزیر سمجھتا تھا،…

2 hours ago

جہلم ریلوے پل کے قریب ایک شخص ٹرین کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا

آج بعد نماز جمعہ جہلم پرانا پل سرائے عالمگیر کے نزدیک راولپنڈی سے کراچی جانے…

2 hours ago