ٹیکسلا۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی اظہر بلوچ نے کہا ہے کہ ٹیکسلا واہ کینٹ میں دکانوں کے علاوہ مختلف مقامات پر گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے سرکاری آٹے کے سیل پوائنٹس لگا دیے گئے ۔جہاں سے ہر شہری کو باآسانی آٹا میسر ہے ۔ کسی صورت بھی غیر قانونی طور پر آٹے کی سمگلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن اور ناکے لگائے جا رہے ہیں ۔روزانہ درجنوں گاڑیاں پکڑی جاتی ہیں اور ان سے سینکڑوں ٹن سمگل شدہ آٹا ریکور کیا جا رہا ہے۔گاڑیوں اور ڈرائیورز پر قانونی کاروائی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کریم کے بابرکت مہینے میں ٹیکسلا واہ کینٹ کے روزے داروں کو کسی صورت بھی سرکاری آٹے سے محروم نہیں ہونے دوں گا۔اور جو فلور ملز کوالٹی میں کمی کریں گی ان کو بھی سخت قانونی کاروائی اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور کسی صورت بھی غیر معیاری آٹے کی شکایت ناقابل برداشت ہے فلور ملز کے خلاف شکایات کی صورت میں بھاری جرمانے اور مقدمات کے علاوہ ملز سیل بھی کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسلا واہ کینٹ میں جگہ جگہ سیل پوائنٹس بنا دیے گئے ہیں حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان کے بابرکت مہینے میں سرکاری آٹا ہر شہری کو وافر مقدار میں فراہم کرنا ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔