واہ کینٹ۔ سابق وزیراعظمِ پاکستان و سپیکر قومی اسمبلی، سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی راجا پرویز اشرف سے واہ کینٹ کے معروف صحافی محمد یاسر قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران واہ کینٹ کے سیاسی ماحول اور مجموعی ملکی صورتحال پر غیر رسمی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ آئندہ آنے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکمتِ عملی، بالخصوص ٹیکسلا اور واہ کینٹ کے حلقوں میں امیدواروں کے چناؤ کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر راجا پرویز اشرف نے کہا کہ واہ کینٹ پاکستان پیپلز پارٹی کا پرانا گڑھ اور منی لاڑکانہ کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں آج بھی پیپلز پارٹی سے محبت کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے جذبات کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوگا، کیونکہ قوم یہ جان چکی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی اس کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو ملک اور قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔