ٹیکسلا۔ معروف صحافی و کالم نگار عبدالحنان راجہ کی اہلیہ محترمہ کی قل خوانی کی پروقار تقریب جامعہ مسجد نعیمہ لالہ رخ میں منعقد ہوئی، جس میں علمی، مذہبی، صحافتی، سیاسی، سماجی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی،
شرکت کرنے والوں میں ٹیکسلا، واہ کینٹ، حسن ابدال، راولپنڈی، اسلام آباد، میرپور، اٹک، کامرہ، حضرو اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے معززین شامل تھے،تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت پاکستان کے معروف قاری محمد امین مجددی نے حاصل کی،
جبکہ نعتِ رسول مقبول ﷺ سجاد احمد ساقی اور حماد مصطفیٰ نے پیش کی،اس موقع پر جامعہ رضویہ انوار العلوم کے ممتاز عالم دین علامہ منیر عالم ہزاروی نے روح پرور خطاب کرتے ہوئے مرحومہ کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کے خادموں کی دنیا سے رخصتی کے بعد بھی ان کی شان بلند کر دیتا ہے،
انہوں نے کہا کہ مرحومہ ایک عالمہ فاضلہ تھیں، جنہوں نے سینکڑوں طالبات کو قرآن و سنت کی تعلیم دی اور ایک مثالی دینی کردار پیش کیا۔ علامہ منیر عالم نے مزید کہا کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں، ان پر دین کی تبلیغ اور امت کی اصلاح کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،ایک سچا عالم پہلے اپنی اصلاح کرتا ہے، تب ہی اس کے علم کی خوشبو معاشرے میں پھیلتی ہے،
تقریب کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ مقصود ایوب نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کرائی،یہ تقریب نہ صرف ایک عظیم خاتونِ دین کی یاد میں منعقد ہوئی بلکہ اس نے دین، علم اور اصلاحِ معاشرہ کے پیغام کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
