راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کوٹلی ستیاں کو پنجاب کا نیا اور جدید ترین ٹورازم ہب بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق کوٹلی ستیاں میں ایکو فرینڈلی گلمپنگ پوڈ ویلج اور جدید ریزارٹ قائم کیا جائے گا، جہاں سیاحوں کو قدرتی ماحول میں معیاری رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ علاقے کی قدرتی خوبصورتی برقرار رہے۔
علاوہ ازیں، کوٹلی ستیاں میں پنجاب کا پہلا جدید پیرا گلائیڈنگ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، جس سے ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سیاحوں کی دلچسپی کے پیش نظر علاقے میں ایک شاندار اسکائی گلاس برج تعمیر کیا جائے گا، جو وادی کے دلکش مناظر دیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ نئی چیئر لفٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے سیاحوں کو پہاڑی علاقوں تک آسان رسائی حاصل ہو سکے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے کوٹلی ستیاں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا اور مقامی معیشت کو بھی نمایاں فائدہ پہنچے گا۔