کلرسیداں (نمائندہ خصوصی) — مرزاکمبیلی میں شدید طوفانی ہواوں اور موسم کی خرابی کے باعث ایک ٹرانسفارمر کو اچانک آگ لگ گئی۔ آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ قریبی جھاڑیوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، طوفان کے دوران ٹرانسفارمر میں اچانک شارٹ سرکٹ ہوا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی۔ ٹرانسفارمر سے نکلنے والے شعلے قریبی جھاڑیوں تک جا پہنچے، اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے بعد فوری طور پر علاقے کی بجلی معطل ہو گئی جس سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کلر سیداں کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ واپڈا کی ٹیم کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے اور مرمت کا کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفارمر کی حالت کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔