مذہبی سیاسی جماعت کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان

لاہور (نامہ نگار خصوصی) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر علامہ حافظ سعد حسین رضوی نے لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ جمعہ کے روز جامع مسجد رحمۃ اللعٰلمین لاہور میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

علامہ سعد رضوی نے کہا کہ مارچ کا آغاز جامع مسجد رحمۃ اللعٰلمین سے ہوگا اور اس کا اختتام اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے پر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود مارچ کی قیادت کریں گے، ان کے بعد شوریٰ اور پھر کارکنان مارچ میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا گرفتاری، گولی یا شیل کوئی مسئلہ نہیں، شہادت ہمارا مقدر ہے۔ٹی ایل پی کے سربراہ نے بیت المقدس کے دفاع کو مرکزی نکتہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر دوسروں کے لیے سفارتخانے مقدس ہیں تو ہمارے لیے بیت المقدس افضل ہے۔ انہوں نے فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے پر زور دیا اور پاکستان کی پالیسیوں پر بھی سوال اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا ہم نے کوئی پہل نہیں کی، لیکن ناموسِ رسالت کے لیے پہل کرتے ہیں اور اس بار ہم نے بیت المقدس کے لیے پہل کی ہے۔علامہ سعد رضوی نے سابق ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی برسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن پاکستان کو اسرائیل کو سخت پیغام دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آج بھی امت مسلمہ کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا ہمیں تو اپنا انجام پتہ ہے، لیکن گولی چلانے والوں کو اگر اپنا انجام پتہ ہوتا تو وہ گھروں سے ہی نہ نکلتے۔

تحریک لبیک کے اس اعلان کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔