مدرسہ خلافتِ راشدہ نڑیاں میں نعت، تلاوت و تقریری مقابلہ — نمایاں طلباء کو شیلڈز سے نوازا گیا

ایبٹ آباد (حسین معاویہ)
مدرسہ خلافتِ راشدہ نڑیاں ایبٹ آباد کے زیرِ اہتمام نعت، تلاوت اور تقریری مقابلے کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں مختلف طلباء نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف عالمِ دین مولانا پیر مفتی محمود الحسن شاہ تھے۔
اس موقع پر مدیر مدرسہ مولانا وقار احمد فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “مدارس دینیہ امت کے لیے باصلاحیت اور باکردار افراد تیار کر کے معاشرے کو فراہم کر رہی ہیں، یہی دینی ادارے دین و ملت کے تحفظ کے قلعے ہیں اور آنے والی نسلوں کی فکری و روحانی تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔”
مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “رسول اللہ ﷺ کی سنتوں کو زندہ کرنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے، ہمیں اپنی زندگی کو سیرتِ طیبہ کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔”
مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے پر انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا جبکہ دیگر شریک طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی انعامات دیے گئے۔
تقریب میں مولانا قاری محمد اعظم، مولانا لیاقت قریشی، مولانا جنید مسعود، مولانا عاصم، مفتی عاصم، قاری شیراز، مولانا ناصر، فضل الرحمن عثمانی، طلحہ محمود، لائن لائٹ سکول اینڈ کالج کے اساتذہ، مولانا جعفر، قاری طلحہ، مولانا فیضان جدون سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
آخر میں مدرسہ کے طلباء نے نعتیہ اور فکری کلام پیش کیا جبکہ مہمانانِ گرامی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ بچے دین و دنیا میں کامیاب ہوں۔