کلرسیداں محکمہ مال میں تعینات افسران و اہلکاروں نے اپنے اختیارات اور عہدے کا ناجائز فاہدہ اٹھاتے ہوئے بوگس دعوی ہائے تقسیم و انتقالات کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کے سینئر کلرک احسن منیر بھٹی سمیت، دو نائب تحصیلداران ، گرداور ، پٹواری اور لینڈ ریکارڈ سنٹر کلر سیداں میں تعینات اہلکار سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
موضع کنوہا کے متاثرہ رہائشی تاثر محمود نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو دی گئی تحریری درخواست میں بیان دیا کہ میں ہمراہ دیگر اراضی کھیوٹ نمبر 785 قطعات 10 تعدادی 70 کنال موضع کنوہا تحصیل کلر سیداں کا مالک ہوں جبکہ میں ہمراہ دیگر فیملی ممبران اراضی خسرہ نمبر 742 تعدادی 7 کنال 16 مرلے پر ابائو اجداد سے مالک و قابض ہیں جس کے ساتھ ندیم انجم و آصف گلزار ،کاشف مختار کا کوئی تعلق نہیں ۔
ندیم انجم نے محکمہ مال مذکورہ بالا خسرات کے جعلی کاغذات تیار کروا کر جعلی و فرضی کارروائی تقسیم عنوان آصف گلزار وغیرہ بنام خالد محمود وغیرہ بابت کھیوٹ 785،832 کلر سیداں دائر کی جس پر ریکارد ملاحظہ کیا گیا ۔بمطابق ریکارڈ مثل عنوان بالا کے تحت کوئی تقسیم کی مثل کھیوٹ نمبر 785،832 دائر نہ ہوئی تھی اور نہ ہی فیصلہ ہوا تھا ،دعوی تقسیم و نقشہ جیم جو شامل کیا گیا ہے اس پر بوگس کارروائی کی گئی ۔