ماڈل ٹاؤن ہمک میں کرایہ داروں کے مبینہ تشدد سے مالک مکان جاں بحق


اسلام آباد (حماد چوہدری )اسلام آباد کے نواحی علاقے نئی آبادی ماڈل ٹاؤن ہمک میں معمولی تنازعہ جان لیوا تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں مالک مکان جمیل مبینہ طور پر کرایہ داروں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق کرایہ داروں اور مالک مکان کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس دوران جمیل پر شدید جسمانی تشدد کیا گیا۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔