ماڈل ٹاؤن ہمک فائرنگ کیس کی گتھی سلجھ گئی، مقتول عدنان خان کو سگے چچا نے قتل کیا

سہالہ (حماد چوہدری) اسلام آباد کے نواحی علاقے ماڈل ٹاؤن ہمک بازار میں فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول عدنان خان عرف پانڈا کو اُس کے سگے چچا نے قتل کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن ہمک بازار میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے عدنان خان موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا۔ حملہ آور نے مقتول کے سر پر فائر کیا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

تفتیش کے دوران پولیس نے شواہد اور عینی گواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزم کی شناخت عدنان خان کے چچا کے طور پر کی۔ ذرائع کے مطابق عدنان خان نے کچھ عرصہ قبل اپنی سگی کزن کو قتل کیا تھا، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان شدید تنازع پیدا ہو گیا تھا۔

ایس ایچ او تھانہ ہمک عرفان عباس کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ آلۂ قتل برآمد کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں