ٹیکسلا ۔ مال آف واہ کے سامنے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے تعاون سے تجاوزات اور نکاسی آب کے مسائل کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی، کارروائی کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے انعام الرحمٰن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد اور ڈی ایس پی ٹیکسلا ہمایوں برکی نے کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے انعام الرحمٰن نے کہا کہ گندے پانی کے جمع ہونے سے سڑک پر پھسلن اور آئے روز حادثات پیش آ رہے تھے، شہریوں کی شکایات کے بعد صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے آج مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی،انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد نے کہا کہ این ایچ اے اپنی شاہراہوں کو محفوظ اور معیاری بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے، غیر قانونی تجاوزات اور نکاسی آب کے مسائل کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو رہا تھا، جس کے تدارک کے لیے باقاعدہ مہم شروع کی گئی ہے۔
ڈی ایس پی ٹیکسلا ہمایوں برکی نے کہا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو عوامی مفاد کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ پولیس، این ایچ اے اور مقامی انتظامیہ مشترکہ طور پر ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات میسر رہیں۔
عوامی حلقوں نے این ایچ اے اور انتظامیہ کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ سڑکوں کی حالت بھی بہتر ہوگی۔