ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے ڈرائیورز کو اخلاقیات سکھانے کا مشن

راولپنڈی کینٹ (نمائندہ خصوصی)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے ٹریفک قوانین کے فروغ اور شہریوں میں روڈ سیفٹی شعور بیدار کرنے کے لیے جاری اقدامات کے تحت ایجوکیشن وِنگ نے 22 نمبر اسٹاپ کا دورہ کیا، جہاں پبلک سروس وہیکلز (PSVs) کے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو خصوصی لیکچر کے ذریعے روڈ سیفٹی کے اہم نکات سے آگاہ کیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ کی ہدایت پر منعقدہ اس مہم میں ٹریفک ایجوکیشن افسران نے ٹریفک قوانین، محفوظ اور محتاط ڈرائیونگ کے اصول، مسافروں سے خوش اخلاقی، گاڑیوں کی فٹنس اور قانون کی مکمل پابندی جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ افسران نے اس بات پر زور دیا کہ محفوظ سفر نہ صرف ڈرائیور کی ذمہ داری بلکہ ہر مسافر کا حق ہے اور تمام افراد کو قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو مقدم رکھنا چاہیے۔لیکچر کے اختتام پر ایجوکیشن وِنگ کی جانب سے ڈرائیورز اور عملے کے ہمراہ ایک باوقار ٹریفک آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا، جس کا مقصد روڈ یوزرز کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کی ترغیب دینا اور معاشرے میں نظم و ضبط کے فروغ کے لیے عملی مثال قائم کرنا تھا۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق ٹریفک ایجوکیشن وِنگ کی یہ مہمات مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو ٹریفک سے جڑے خطرات، احتیاطی تدابیر اور قوانین کی افادیت کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں