میرپور: صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر اور قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے
مرحوم کی تدفین پورے سرکاری و فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں کی گئی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو گن کیرج (Gun Carriage) کے ذریعے سپرد خاک کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جو پاکستان کی تاریخ میں صرف چند ہی عظیم شخصیات کو نصیب ہوا ہے۔
اس سے قبل یہ اعزاز بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، سابق صدر جنرل محمد ضیاء الحق، عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر روتھ فاؤ کو دیا گیا تھا۔ آج بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا نام بھی ان باوقار شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کی پہلی شخصیت ہیں جن کی تدفین گن کیرج کے ساتھ کی گئی، جو ان کی سیاسی، قومی اور سفارتی خدمات کا واضح اعتراف ہے۔
ان کی نماز جنازہ قائداعظم اسٹیڈیم میرپور میں ادا کی گئی، جس میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، اراکین قانون ساز اسمبلی، اعلیٰ عسکری و سول حکام، سیاسی و مذہبی قائدین، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر مرحوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ فضا سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
تدفین کے موقع پر دعائے مغفرت کی گئی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے مرحوم کی طویل سیاسی و سفارتی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مشن اور نظریہ جاری رکھا جائے گا۔
تدفین کے بعد مرحوم کے صاحبزادے اور وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان کو قومی پرچم پیش کیا گیا، جو ریاست اور قوم کی جانب سے مرحوم کی خدمات کے اعتراف کی علامت تھا۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وفات آزاد کشمیر ہی نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔