*گومل یونیورسٹی میں “کمپاؤنڈ سے علاج: دوا کی دریافت اور تیاری کے مراحل” پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد*
ڈیرہ اسماعیل خان: وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات پر گومل سنٹر آف فارماسیوٹیکل سائنسز (جی سی پی ایس) میں “کمپاؤنڈ سے علاج: دوا کی دریافت اور بنانے کے مختلف مراحل” کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کا آغاز شاکر اللہ (پی ایچ ڈی اسکالر) کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ ڈین فیکلٹی آف فارمیسی، ڈاکٹر برکت علی خان نے ورکشاپ کے مقام کا دورہ کیا اور مقررین و شرکاء سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جی سی پی ایس مستقبل میں بھی اس قسم کی معلوماتی اور تحقیقی ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھے گا۔
ورکشاپ کے پہلے مقرر، ڈائریکٹر جی سی پی ایس، ڈاکٹر فضل الرحمان نے خام دوا کے لئے پودوں کے انتخاب اور اس کے نکالنے کے مختلف مراحل جیسے میسیریشن، پرکولیشن، ڈرائنگ اور ابتدائی کیمیائی اجزاء کی جانچ پر تفصیلی گفتگو کی۔ ایف سی یونیورسٹی لاہور سے صبیح الرحمن نے اپنے لیکچر میں خام دوا کی فریکشنیشن، ایسولیشن اور ان نچوڑوں کی تطہیر پر روشنی ڈالی۔ تمام مراحل کو عملی تربیت کے ساتھ سمجھایا گیا۔
ورکشاپ میں فارمیسی ،کیمسٹری اور دیگر شعبہ جات کے تحقیقی طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔فیکلٹی آف فارمیسی ،کیمسٹری اور بیالوجی کے اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے ،ڈائریکٹر سپورٹس سائنسز ڈاکٹر نور محمد ،ڈاکٹر عزیز جاوید ،ڈاکٹر شیر زمان، ڈاکٹر حامد مسعود اور ڈاکٹر کامران طاہر نے خصوصی شرکت کی ۔
ورکشاپ کا مقصد طلباء کو دوا کی دریافت اور تیاری کے مختلف مراحل سے روشناس کرانا اور انکی عملی تربیت فراہم کرنا تھا ،تاکہ وہ مستقبل میں فارماسیوٹیکل سائنسز کے میدان میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
