اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے بلوچستان میں 12 مقامات پر حملے ناکام بنادیے گئے، سیکیورٹی فورسز نے صوبے میں مجموعی طور پر 108 دہشتگردوں کا جہنم واصل کردیا، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعاقب کر کے مزید آپریشنز جاری ہیں، گزشتہ دو دن میں پنجگور اور شعبان میں 41 دہشت گرد مارے گئے تھے۔سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 58 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رات گئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے متعدد مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جن میں سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے۔دہشت گردوں نے گوادر میں بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد کو بھی شہید کر دیا جن میں 1 خاتون اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام حملے ناکام بنا دیے، سیکیورٹی فورسز کا مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فتنہ الہندوستان کی کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر میں کارروائیاں ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور ملک کی خاطر زندگی قربان کرنے والے شہداء کے بلند درجات اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان وطن کی حفاظت میں مصروفِ عمل ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاکستان کی حفاظت کے عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔