تحریر؛ رضوان اعوان
فاطمید فاؤنڈیشن زندگی کی امید اور انسانیت کی خدمت کا روشن چراغ…۔
دنیا میں کچھ ادارے ایسے ہوتے ہیں جو انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیتے ہیں۔ فاطمید فاؤنڈیشن انہی اداروں میں سے ایک درخشندہ نام ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ عالمی سطح پر اپنی انسان دوست خدمات کے لیے پہچانا جاتا ہے۔”جس نے ایک شخص کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی“ کی عملی تفیسر فاطمید فاؤنڈیشن ہے۔فاطمید فاؤنڈیشن کا قیام 1978 میں کراچی میں عمل میں آیا۔ اس کی بنیاد ایک عظیم مقصد کے تحت رکھی گئی‘خون کے عطیات کے ذریعے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا افراد کی زندگی بچانا۔ آغاز میں ایک چھوٹے سے بلڈ بینک سے شروع ہونے والا یہ ادارہ آج پورے پاکستان میں متعدد مراکز کے ذریعے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں امید کی کرن بن چکا ہے۔فاطمید فاؤنڈیشن پاکستان کا ایک قابل اعتماد اور غیر منافع بخش ادارہ ہے جو تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے گزشتہ چار دہائیوں سے زائد خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند خبر یہ ہے کہ فاطمید فاؤنڈیشن نے شہر میں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ سنٹرقائم کر دیا ہے، جہاں مریضوں کو مفت علاج، خون کی فراہمی، اور ماہرانہ مشاورت فراہم کی جائے گی۔ فاطمید نے ڈاکٹر ولید بن اظہرکی نگرانی میں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ،ملتان،رشید آباد،لڑکانہ، خیرپور،ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں ہزاروں زندگیاں بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ادارے کی کاوشوں اور شبانہ روز محنت کی وجہ سے وطن عزیز کے طول و عرض میں دیگر سنٹرز کے قیام پر کام ہو رہا ہے تاکہ خون سے منسلک بیماریوں کی روک تھام اور بروقت سستے علاج کو یقینی بنایا جاسکے۔اس سلسلے میں فاطمید فاؤنڈیشن نے OGDCL کے تعاون سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ پر ٹیکن کے مقام پر ایک پرشکوہ عمارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے تاکہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور قریبی شہروں کے مریضوں کو دور دراز علاقہ جات کو سفر نہ کرنا پڑے اور مفت علاج گھر کی دہلیز پر ممکن ہوسکے۔جنوبی خیبرپختونخوا کے اس پسماندہ علاقے میں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض طویل عرصے سے مناسب علاج سے محروم تھے۔ قریبی شہروں کا سفر، مہنگے علاج، اور خون کی عدم دستیابی ان خاندانوں کے لیے کسی کرب سے کم نہ تھی لیکن اب بہت جلد ان مریضوں کو تمام جدید ترین سہولیات میسر ہوسکیں گی۔فاطمید فاؤنڈیشن کے اس اقدام سے نہ صرف خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کو سہولت ملے گی بلکہ ان کے معاشی بوجھ میں بھی واضح کمی آئے گی۔ ہسپتال میں ماہر عملہ، لیب، بلڈ بینک اور رجسٹرڈ مریضوں کے لیے باقاعدہ فالو اپ سسٹم موجود ہے۔ضلع ٹانک‘وزیرستان اپر و لوئر‘ لکی مروت‘بنوں‘اور پنجاب کے شہر بھکر‘لیہ اور میانوالی سمیت بلوچستان کے وہ اضلاع جو ڈیرہ اسماعیل خان کی سرحد کے ساتھ لگتے ہیں ان مریضوں کے لئے بھی مذکورہ سنٹر کسی نعمت سے کم نہ ہوگا۔فاطمید فاؤنڈیشن کی خدمات کا مرکز وہ افراد ہیں جو مہلک بیماریوں جیسے کہ تھیلیسیمیا‘ہیموفیلیا جیسی حالتوں میں مبتلا ہوتے ہیں اور جنہیں باقاعدہ خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان مریضوں کو ماہانہ، بعض اوقات ہفتہ وار اور روزانہ کی بنیاد پر خون کی منتقلی کی ضرورت ہوتی ہے، جو اکثر عام انسان کی نظر سے اوجھل رہتا ہے۔فاطمید فاؤنڈیشن کا نظام نہایت منظم اور شفاف ہے۔فاؤنڈیشن مختلف اداروں، کالجز، یونیورسٹیوں اور عوامی مقامات پر خون عطیہ کرنے کے لیے شعو رو آگہی کی مہمات و کیمپس کا انعقاد کرتی ہے۔ ہر عطیہ شدہ خون کو مکمل طور پر سکرین کیا جاتا ہے تاکہ مریضوں کو صاف اور محفوظ خون مہیا کیا جا سکے۔ مریضوں کو نہ صرف مفت خون مہیا کیا جاتا ہے بلکہ ان کی صحت کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جاتی ہے۔یہ اہلیان ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے باعث فخر ہے کہ فاطمید فاؤنڈیشن نے اب ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اپنی خدمات کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت قرب و جوار کے اضلاع میں تھیلیسیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے وقت میں یہ مرکز امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ روزانہ ایسے کئی والدین اور بچے دیکھنے کو ملتے ہیں جن کے چہروں پر تکلیف کی جھلک ہوتی ہے لیکن فاطمید کی طرف سے خون کی بروقت فراہمی ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرتی ہے۔ یہ سب عطیہ دہندگان کے خلوص اور فاؤنڈیشن کی محنت کا نتیجہ ہے۔ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام کو آگے بڑھنا چاہیے‘ خون عطیہ کریں اور تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کی زندگی بچانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں نیزفاطمید فاؤنڈیشن کے پیغام کو دوسروں تک پہنچائیں تاکہ پریشان حال مریض اس سے استفادہ لے سکیں۔ یاد رکھیں‘ خون عطیہ کرنا نہ صرف کسی کی جان بچانے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ایک انسانی فریضہ بھی ہے۔فاطمید فاؤنڈیشن کا مشن ”زندگی بچائیں ” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ عملی حقیقت ہے۔ ہم سب کو اس مشن کا حصہ بننا ہوگا تاکہ پاکستان میں ہر تھیلیسیمیا کا بچہ صحت مند زندگی گزار سکے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگ اب یہ موقع رکھتے ہیں کہ اس عظیم مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور انسانیت کے اس کارواں کو کامیاب بنائیں کیونکہ آپ کا خون کسی کی زندگی کی امید و سہارا بن سکتا ہے۔اپنے عطیات اور زکوٰۃ فاطمید فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں جمع کرائیں تاکہ مستحق مریضوں کو مفت خون اور علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔فاطمید فاؤنڈیشن کے ساتھ بطور رضاکار شامل ہوں تاکہ خدمتِ خلق کا یہ مشن مزید آگے بڑھ سکے۔فاطمید فاؤنڈیشن کا پیغام محبت، ہمدردی اور زندگی کی بقا کا پیغام ہے۔ یہ ادارہ کسی مذہب، فرقے یا قوم سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فاطمید فاؤنڈیشن کے سنٹر کا قیام نہ صرف انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال ہے بلکہ جنوبی اضلاع کے باسیوں کے لیے ایک زندگی بخش تحفہ بھی ہے۔انشاء اللہ یہ ادارہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اپنی کامیاب روایت برقرار رکھے گا اور دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گا۔خون کا ایک عطیہ زندگی کا ایک موقع ہے۔آپ کی زکوٰۃ کسی معصوم بچے کے لیے زندگی کی امید بن سکتی ہے۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ فاطمید فاؤنڈیشن کی اس نیکی میں بھرپور تعاون کریں، بطور بلڈ ڈونر آگے آئیں اور ان بچوں کی زندگی کا سہارا بنیں جن کا علاج آپ کے ایک قطرہ خون سے ممکن ہے۔آئیں‘ مل کر اس عظیم مشن کو کامیاب بنائیں۔
٭٭٭٭
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.