36

عید پر ڈیوٹی سے غیر حاضری: اسلام آباد پولیس کے 86 اہلکاروں کی تنخواہیں ضبط، متاثرہ خاندان مشکلات کا شکار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضری مہنگی پڑ گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سپیشل ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے 86 پولیس اہلکاروں کی ایک ماہ کی تنخواہ ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ذرائع کے مطابق ایس ایس پی نے عید کے دوران اچانک سرپرائز وزٹ اور ڈیوٹی پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران مذکورہ ملازمین کو غیر حاضر پایا، جس پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے سخت اقدام ضروری تھا۔دوسری جانب متاثرہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ اس فیصلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اہلکاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا مکمل انحصار ماہانہ تنخواہ پر ہے، جس سے وہ اپنے بچوں کی فیس، گھریلو اخراجات، یوٹیلیٹی بلز اور روزمرہ ضروریات پوری کرتے ہیں۔ تنخواہ کی بندش کے باعث کئی خاندان مالی طور پر بدحال ہو چکے ہیں اور فاقوں تک کی نوبت آ گئی ہے۔متاثرہ اہلکاروں نے ڈی آئی جی آپریشنز اور آئی جی اسلام آباد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نرمی برتیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔

خبر پر اظہار رائے کریں