علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے میں علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک عدالت پیش ہوئے، علیمہ خان کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی اور کہا کہ علیمہ خان کے اکاونٹ اور شناختی کارڈ جب تک ڈی فریز نہیں ہونگے وہ عدالت میں پیش نہیں ہونگی۔اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ ملزمہ عدالت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی نہ عدالت کو ہائیجیک کرسکتی ہے، عدالت نے مقدمے کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے احکامات دئیے ہیں، ملزمہ کا شروع دن سے رویہ غیر زمہ دارانہ ہے، ملزمہ عدالت پیش ہی نہیں ہورہی تو شناختی کارڈ یا بینک اکاونٹ کیسے ڈی فریز کئے جائیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی اور علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایس پی راول علیمہ خان کو گرفتار کرکے کل تک عدالت میں پیش کرے،
ملزمہ جب تک عدالت پیش نہیں ہوگی بینک اکاونٹ اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے۔عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردئیے اور مقدمے کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔استغاثہ کے گواہان عدالت میں موجود تھے، مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔علیمہ خان کے خلاف درج مقدمے میں مجموعی طور پر 10 گواہان پر جرح مکمل ہوچکی ہے، عدالت نے آج جرح کے لئے مزید گواہان کو طلب کر رکھا تھا۔