227

عابد حسین جنجوعہ, پوٹھوہاری گیت نگاری کا اہم نام

1983ء میں ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں پنجابی پوٹھوہاری ادبی پروگرام ”پنجاب رنگ“ کیلئے پنجابی مشاعر ے کی ریکارڈنگ ہوئی جس کے میزبان اختر امام رضوی اور پروڈیوسر شاہد اختر چک تھے،شعرا میں سیدضمیر جعفری،جلیل عالی،دلپذیر شاد،امداد ہمدانی،ماجد صدیقی،ڈاکٹر سعد اللہ کلیم،عابد جعفری،رشیدہ سلیم سیمیں،فضل الٰہی بہار، الطاف پرواز اورعابد حسین جنجوعہ تھے،

مشاعرے میں ایک نوجوان نے پہلی بار شرکت کی اور اپنی پہلی پنجابی غزل پیش کی،مشاعرے کی ریکارڈنگ کے بعد جب تمام شعراء جاچکے تو اختر امام رضوی نے اس نوجوان شاعر کو اپنے کمرے میں روک لیا اور محبت بھرا گلہ کرنے کے انداز میں کہا کہ ”یہاں پنڈی اسلام آباد میں پنجابی لکھنے والے بہت ہیں،پوٹھوہاری صرف دلپذیر شاد ہی لکھتے ہیں،

پنڈی کے پنجابی لکھنے والے دوستوں سے میں کچھ نہ کچھ پوٹھوہاری میں لکھوا لیتا ہوں،آپ مستقل بنیادوں پر پوٹھوہاری لکھیں تاکہ دلپذیر شاد کیساتھ ایک اوربندے کا اضافہ ہوجائے“۔یہ نوجوان شاعرعابد حسین جنجوعہ تھے جنہوں نے بعد میں دلپذیر شاد اور نثار ناز ٹکالی کی رہنمائی میں پوٹھوہاری زبان و ادب کیلئے بے بہا کام کیا۔
عابد حسین جنجوعہ کی پنجابی اور اردو شاعری پر گفتگو پھر کسی موقع پر چھوڑ رکھتے ہیں،

میری دلچسپی انکی پوٹھوہاری شعر وادب کیلئے خدمات تک مرکوز ہے،عابد حسین جنجوعہ 04اپریل1962ء کو موہڑہ پیرووالاموضع ڈریال،ڈاکخانہ درکالی معموری،تحصیل گوجر خان ضلع راولپنڈی میں پیدا ہوئے،آج کل ڈھوک صابری پنڈی روڈ کلر سیداں میں رہائش پذیر ہیں۔

گورنمنٹ مڈل سکول مرزا کمبیلی تحصیل گوجر خان سے1976ء میں مڈل،گورنمنٹ ہائی سکول کلر سیداں سے 1978ء میں میٹرک،گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج کلر سیداں سے1985میں ایف اے،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے 1990میں بی اے،بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے 1995میں ایم اے مطالعہ پاکستان کیا۔
گورنمنٹ مڈل سکول مرزا کمبیلی میں دوران تعلیم سکول لائبریری کا انچارج بنایا گیا تو کتب بینی اور ادب کا شوق پیدا ہوا،1979ء میں کالج دور میں باقاعدہ شاعری کا آغاز پوٹھوہاری بیت سے کیا،

بعد ازاں اردو،پنجابی اور پوٹھوہاری میں حمد،نعت،مناقب،غزل،نظم اور گیت نگاری کی،سینئر صحافی اکرام الحق قریشی کی سربراہی میں انجمن صحافیاں کلر سیداں میں شمولیت اختیار کی اورانجمن کے ہی ایک اجلاس میں پہلی اردو غزل پیش کی جہاں بہت حوصلہ افزائی کی گئی۔حلقہ احباب سخن کلر سیداں اور پوٹھوہاری ادبی سنگت کلر سیداں میں شمولیت اختیار کی تو اس وقت کے خطہ پوٹھوہار کے معروف شاعر دلپذیر شاد،نثار ناز ٹکالی،نجمی صدیقی اور آرزو انبالوی نے حوصلہ افزائی کی۔

بزم شعراء پوٹھوہار بیول کے مشاعروں میں نثار ناز ٹکالی کے ساتھ شرکت کرتے،نثار نازٹکالی نے ”پوٹھوہار رنگ“ کے نام سے بیت کا انتخاب شائع کیاجس میں پوٹھوہار کے شعرا کا کلام شامل تھا۔راولپنڈی آئے تو علی اصغر ثمر،ڈاکٹر منور ہاشمی،نجمی صدیقی،اقبال ظفر ٹوانہ،طاہرہ غزل،تنویر احمد
راجہ،عبدالرحمٰن کاشف اورفرید زاہدسے ملاقاتیں چل نکلیں،علی اصغر ثمر کی بزم احباب قلم میں شامل ہوگئے،سرور انبالوی کی گلزار ادب راولپنڈی کے زیر اہتمام طرحی مشاعروں،ادارہ ادب و ثقافت اسلام آباد میں طارق شاہد اور الطاف پرواز کے ہمراہ علاقائی زبانوں کے مشاعروں میں شرکت کی،

سی ڈی اے آڈیٹوریم میں ماہانہ مشاعروں میں پوٹھوہاری کلام پڑھنے کا اعزازحاصل ہوا۔ کل پاکستان مشاعروں میں کوئٹہ،لاہور،کراچی،پشاور،ایبٹ آباداورچکوال بطور شاعر شرکت بھی کی۔حلقہ احباب سخن اور پوٹھوہاری ادبی سنگت کلر سیداں کے بھی عہدیدار رہے۔1980 میں تنویر احمد راجہ سے مل کر بزم نوائے ادب کلر سیداں قائم کی بعدمیں عظمت مغل اور یاسر کیانی بھی ساتھ شامل ہو گئے۔

کلرسیداں سے ادبی پرچہ تنویر کے نام سے جاری کیا جسکے7 شمارے شائع کیے۔جن میں اردو پنجابی پوٹھوہاری تخلیقات شامل ہوتی تھیں۔ تنویر احمد راجہ اورطاہرہ غزل”تنویر“ کے معاون ایڈیٹر تھے۔ 1986 میں کوئٹہ مشاعرہ میں شرکت کے دوران عطا شاد،آغا ناصر،سرور جاوید،بیرم غوری،محسن شکیل،اعتبار ساجد،نواب شاہ میں کل پاکستان مشاعرے میں شرکت کے دوران محشر بدایونی،محسن بھوپالی اورقاسم جلالی سے ملاقاتیں ہوئیں

۔1986ء میں کچھ عرصہ تک روزنامہ حیدر راولپنڈی کے میگزین ایڈیٹر اور ادبی صفحہ کے انچارج بھی رہے۔
19جنوری1988ء میں پاکستان پوسٹ میں بطور کلرک بھرتی ہوئے اورپہلی تعیناتی کونتریلا تحصیل گوجر خان میں ہوئی اور04اپریل2022کو بطوراسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر راولپنڈی جی پی اوپنشن برانچ سے ریٹائر ہوئے۔
ریڈیو پاکستان راولپنڈی اور پاکستان ٹیلی ویژن اسلام آباد کے لئے گیت اورملی نغمے لکھے

جوشہزاد نائیک،محمودہ قمر،رافعہ بانو،چن پرویز حیدر،ثناء نعمت،لالہ فاروق،احمد خان نیازی اور راجہ عابد حسین،پوٹھوہاری نعتیں پروفیسر عبدالحمید مدنی اورسائرہ وحید کی آوازوں میں ریکارڈ ہوئیں جو ریڈیو پاکستان کے آواز خزانہ میں موجود ہیں،پوٹھوہاری ملی نغمہ”سوہنڑیں سوہنڑیں چن تہ تارے“ چن پرویز نے گایا اور ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں ملی نغموں کے مقابلے میں 2013 میں دوسرے نمبر پر آیا اورمحمود نظامی ہال میں قومی ایوارڈ بھی دیا گیا، پوٹھوہاری گیت”گل دِلے نی دَس وے ماہیا“پی ٹی وی کے پروگرام جی آیاں میں ملکہ ہزارہ رافعہ بانو کی آواز میں چلااور پی ٹی وی کے قومی ایوارڈ کی تقریب میں بھی چلایا گیا۔
جڑواں شہروں اور مضافات کی ادبی تنظیموں ادارہ ادب و ثقافت اسلام آباد،بزم احباب قلم راولپنڈی،بزم فکروسخن راولپنڈی،حلقہ احباب سخن کلر سیداں،،پوٹھوہاری ادبی سنگت کلر سیداں،بزم نوائے ادب کلر سیداں،نوائے سحر راولپنڈی اورپوٹھوہاری رائٹرز کلب کیساتھ منسلک رہے۔
عابدحسین جنجوعہ ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے ساتھ 1983 سے بطور رائٹر اور میزبان منسلک ہیں،پروگرام وسنے رہن گراں،جمہور نی واز،سوچاں،راول رویل،پوٹھوہار رنگ،وطن کے نوجوان،جواں سال اور ادبی پروگرام”سخن مشالاں“میں بطور میزبان کام کر رہے،آج کل وسنے رہن گراں،جمہور نی واز،سخن مشالاں میں کمپئرنگ،قومی پروگرام زرخیز پاکستان کے لئے ڈاکومنٹریز لکھتے اورانٹرویوز کر تے ہیں۔

ریڈیو پروگراموں میں اختر جعفری،اسلم ملک،تصدق اعجاز،طارق ملک،ارشد محمود،ریاض عشائی،مقصود علی شعلہ،اکرم رانا،اقبال راجہ،چوہدری منیر احمد،عظمت مغل،یاسر کیانی،زاہد بخاری،عبدالرحیم عباس،رحمن شاد،عبدالرحمن فاروقی،ضیاء الحسن نقوی،شوکت خورشید،نعمان رزاق،توصیف کلیامی،تحسین جمال اور دیگر کیساتھ میزبانی کی ہے،ادبی پروگرام”سخن مشالاں“ کی 14 سال سے لگاتار میزبانی کر رہے ہیں

اور پروگرام میں خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے متعدد شاعروں ادیبوں کے انٹرویوز اورانہیں متعارف کرواچکے، ریڈیو کے پروڈیوسرز میں اختر امام رضوی،شریف شاد،سلیم محمود بٹ،اقبال اعوان،سلمان المعظم،ظفر خاں نیازی،ستار سید،کنیز فاطمہ،آسیہ بخاری،اسجد علی،آفتاب اقبال بانو، غلام مجتبےٰ عامر،ظفر اقبال رضوی،خالد محمود چوہان،مسرت شاہ رخ،فیاض کیانی،تنویر اقبال زلفی،انظر ملک،عبدالرحمن فاروقی،عاصمہ گل،عبدالحفیظ،محمد اورنگ زیب،ناہید یونس،روحی بانو،فرحانہ برلاس،محمد نواز خان،شاہد ملک،مہر احمد شیر،محمد اظہر،فیصل خان،مہوش راجہ، سلطان صلاح الدین،آصف اقبال کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
پوٹھوہاری نثر کی بات کریں تو عابدحسین جنجوعہ نے ریڈیو اور ٹی وی کے لئے مختلف موضوعات پر ڈاکومینٹریز،پروگرام سکرپٹ، تحقیقی مضامین لکھ رکھے ہیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن سنٹر اسلام آباد کے پروگراموں پوٹھوہار دیس،سانجھاں،ککراں نی چھام،سنجھالیاں،آزادی میلہ،سنگتاں،جی آیاں میں پوٹھواری کلام پیش کیا۔پوٹھوہاری ڈرامہ سیریلزپھلاں نی خشبو،دنیا،ماٹی کی گڑیا، ہک سا بھلو،پلیار میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں

۔ ان پی ٹی وی ڈراموں کے پروڈیوسرز نسیم احمد عارف،غضنفر علی بخاری،میاں عبد اللہ قریشی،عطاء اللہ بلوچ،اقبال احمد بھٹی،فریدہ رانا،فاروق عباس راجا اورمحمد ادریس تھے۔اب تک ریڈیو پاکستان راولپنڈی،ریڈیو پاکستان اسلام آباد،ریڈیو پاکستان عالمی سروس،ریڈیو پاکستان کوئٹہ،آزاد کشمیر ریڈیوتراڑ کھل،ایف ایم 99.4 پنجاب رنگ ریڈیو راولپنڈی،ایف ایم 88.6 پولیس ریڈیو کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن اسلام آباد،اپنا دیس یوکے،کے ٹو ٹی وی سے باقاعدہ پروگرام کر چکے ہیں۔
ریڈیوپاکستان راولپنڈی سٹیشن اور پاکستان ٹیلی وژن اسلام آباد سنٹر سے انکی لکھی ہوئی پوٹھوہاری نعتیں،زرعی گیت،ملی نغمے اوررومانوی گیت ٹیلی کاسٹ اور نشر ہوچکے ہیں،باقی صدیقی کے بعد یہ اعزاز عابد حسین جنجوعہ کے حصے میں آیا ہے کہ انکا سب سے زیادہ پوٹھوہاری کلام ریڈیو،ٹی وی پر نشر اور ٹیلی کاسٹ ہوا ہے،ان پوٹھوہاری نعتوں،ملی،زرعی اور رومانوی گیتوں کی تفصیل حسب ذیل ہے۔

ملی نغموں میں ”سوہنڑیں سوہنڑیں چن تہ تارے“آواز چن پرویز حیدر (ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”مہاڑی جند تہ مہاڑی جان“آوازثناء نعمت(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”مہاڑا سوہنڑاں پاکستان اے“ آوازشہزا
د نائیک (پاکستان ٹیلی ویژن سنٹراسلام آباد)۔پوٹھوہاری گیتوں میں ”چھلا چیچی پا نی کڑئیے“آواز۔احمدخان نیازی(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”چل چلئیے وچ پوٹھوہار کڑے“آوازمحمودہ قمر اورسرشار پیارا(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”گل دلے نی دس وے ماہیا“آوازرافعہ بانو(پاکستان ٹیلی ویژن سنٹراسلام آباد)۔”اج خوشیاں نا دن آیا اے“آواز راجہ اعجاز پرویز(پاکستان ٹیلی ویژن سنٹراسلام آباد)۔زرعی گیتوں میں ”محنت کرنا ساہڑا ہالی“آوازراجہ عابد حسین(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”اچھورل مل بوٹے لائیے“آوازراجہ عابد حسین(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)

۔”ایہہ ہالی ہل چلانڑاں اے“آوازراجہ عابد حسین(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔پوٹھوہاری نعتوں میں ”پاک نبیؐ نے سوہنڑیں در تہ“آوازسائرہ وحید(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”عشق نبیؐ نی دولت جہیڑا پانڑاں اے“آوازسائرہ وحید(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”ذکر نبیؐ نا جاری رہنڑاں جہیڑے جہیڑے پاسے جاں“آوازعبدالحمید مدنی(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)۔”سوہنڑاں اے

محبوب خدا نا“آوازعبدالحمید مدنی(ریڈیو پاکستان راولپنڈی)شامل ہیں۔
عابد حسین جنجوعہ نے اتنے پوٹھوہاری گیت لکھ رکھے ہیں کہ ان سے باآسانی ایک کتاب شائع ہوسکتی ہے،پوٹھوہاری زبان و ادب سے دلچسپی رکھنے والے ان سے بجا طور پرتوقع رکھتے ہیں کہ وہ جلد پوٹھوہاری گیتوں کی کتاب بھی منظر عام پر لائیں گے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں