طارق مرز انے  آسٹریلیا  میں علم و ادب کی شمع روشن کر رکھی ہے۔ قونصلیٹ جنرل پاکستان قمر زمان


  اتوار تیرہ جولائی کی شام گرین ویل سڈنی میں علامہ اقبال سٹڈی سرکل آسٹریلیا  کی ایک اور شاندار  ادبی، علمی اور رُوحانی نشست  منعقد ہوئی۔ جس میں ممبران کے علاوہ پاکستان سے تشریف لائی علمی اور ادبی شخصیات نے  خصوصی  شرکت کی۔ان میں  ماہر تعلیم اور مصنف پروفیسر علی محمد خان اور ماہر اقبالیات اور مصنف انجینئر عنایت علی  شامل تھے

جب کہ آسٹریلیا سے اسلامک فورم کے سینئر نائب صدر  عالمِ دین  اسید خلیل ، چیرٹی آسٹریلیا کے سربراہ      رب نواز  ،  پاکستان کے قونصلیٹ جنرل قمر زمان، پاکستان ایسو سی ایشن کے صدر اقبال چودھری  سمیت     مختلف طبقہ فکر  کی  خواتین و حضرات نے شرکت کی۔  تقریب کی نظامت  ڈاکٹر خرم کیانی  نے  کی   جب کہ صدارت کا فریضہ پروفیسر علی محمد خان نے ادا کیا ۔ مہمان خصوصی   سڈنی میں قونصلیٹ جرنل آف پاکستان قمر زمان صاحب تھے۔ تقریب کا آغاز محمد ذین نے تلاوتِ قرآن سے  کیا۔
سٹڈی سرکل کے  صدر  اور ماہر اقبالیات طارق مرزا نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔انھوں نے سٹڈی سرکل کی غرض و غایت  پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ، یہ پلیٹ فارم علمی، ادبی او ررُوحانی پیاس بجھانے کے لیے قائم کیا گیا ہے  اور کلامِ اقبال میں  ایسا  سوزِ حیات اور روحِ انسانی کا نغمہ موجود ہے  جو قلب و رُوح میں  نورِ  بصیرت بھر سکتا ہے ۔ بس اس کلام کو پڑھنے ، سمجھنے اور اس سے دل کی دُنیا آباد کرنے  کی ضرورت ہے۔


عالمِ دین اسید خلیل   نے اپنی   تقریر میں  کلامِ اقبال اور قرآن کے تعلق کو واضح کیا  ۔انھوں نے اقبال کی  فکر کو سمجھنے اور اسے ذاتی اور اجتماعی سطح پر  عام  کرنے کی ضرورت پر ضرور دیا   ۔ ماہر اقبالیات عنایت علی نے علامہ اقبال  کے علمی ، ادبی اور سیاسی مرتبے پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیسویں صدی کے پہلی تین دہائیوں میں پاک و ہند میں اقبال سے زیادہ اہم او رپر اثر مسلم شخصیت کوئی نہیں تھی ۔

پروفیسر علی محمد خان نے علامہ اقبال سٹڈی سرکل کی غرض و غایت اور اس کے بانی طارق مرزا  کی علمی ادبی خدمات  کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا طارق مرزا  ہمیشہ علم و ادب کی خدمت میں لگے  رہتے ہیں ۔  وہ جتنے اچھے قلم کار ہیں اتنے اچھے دل کے مالک ہیں ۔ اقبال سٹڈی سرکل  اپنی نوعیت کا منفرد اور بے مثل پلیٹ فارم ہے جہاں ایسی خوبصورت محفلیں منعقد ہوتی ہیں  ۔

مہمانِ خصوصی قونصلیٹ جنرل پاکستان قمر زمان نے سٹڈی سرکل خصوصاًطارق مرزا  اور ان کے ساتھیوں کو مبارک باد  دی ۔ انھوں نے کہا طارق مرزانے  آسٹریلیا  میں علم و ادب کی شمع روشن کر رکھی ہے ان کی  ایسی محافل ، تقاریر اور  بہترین ادبی جریدوں میں شائع ہونے والے مضامین ان کی محنت، نیک نیتی اور خلوص کو ظاہر کرتے ہیں ۔ وہ آسٹریلیا میں پاکستان کی زبان و ادب کے  ترجمان کا کردار کر رہے ہیں۔


اس موقع پر علامہ اقبال سٹڈی سرکل کی طرف سے پروفیسر علی محمد خان ، ماہر اقبالیات عنایت علی اور اور آسٹریلیا میں  معروف سماجی کارکن راجہ محمد اسلم کو خصوصی ایوارڈز پیش کیے گئے ۔  جبکہ میزبان اسد خلیل اور سٹڈی سرکل کی طرف سے عشائیے کا بھی اہتمام تھا۔  آخر میں چیرٹی آسٹریلیا کے صدر محترم  رب نواز نے اس کامیاب نشست پر طارق مرزا، ڈاکٹر  کیانی ،اسد خلیل صاحب سمیت تمام ممبران کو مبارکباد  دی اور ان کے لیے دعائے خیر بھی کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں