پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی اور پوٹھوہاری رائٹرز کلب راولپنڈی پاکستان کے اشترا ک سے 19 مئی 2023 آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم ہال میں دو روزہ صوفی فیسٹیو ل کا انعقاد۔19مئی شام سات بجے صوفی فیسٹیول کا آغاز پوٹھوہار کے صوفی شعراء کے پروگرام سے ہوا۔اس خوبصورت روحانی پروگرام کے مہمان ِخصوصی،علمی،ادبی اور مذہبی شخصیت صاحبزادہ حسن نواز شاہ تھے۔فرید زاہد چیئرمین پوٹھوہاری ادبی سوسائٹی راولپنڈی،وقار احمد ڈائریکٹر آرٹس کونسل راولپنڈی اور راجا منور حسین عاصی چیئر مین انجمن ادبِ پوٹھوہار واہ کینٹ نے خصوصی شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض معروف کمپیئرنعمان رزاق (راقم الحروف)نے سر انجام دیئے اور پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور پوٹھوہاری رائیٹرز کلب پاکستان کی طرف سے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔پروگرام کا آغاز صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر حافظ محمد جمیل جمیل نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور پوٹھوہاری زبان میں ترجمہ خوب صورت انداز میں پیش کیا۔ اسکے ساتھ ہی پوٹھوہاری نعت رسول مقبولﷺ پیش کر کے مدح سرائی کی۔نعمان رزاق نے صوفی شعراء کے بارے میں بتایا۔پوٹھوہار میں صوفیانہ شعراء کی ایک بہت لمبی فہرست موجود ہے صرف صاحبزادہ مقصود احمد صابری کی دو تصانیف ”اولیا ء پوٹھوہار“میں 258 اولیاء کا تذکرہ موجود ہے۔صاحبزادہ حسن نواز شاہ نے سلسلہ سرور دیہ پر ایک خوب صورت کتاب شائع کی ہے۔اس سلسلہ میں پیرمہر علی شاہ ؒ،پیر نصیر الدین ؒ،بری امام سرکارؒ،نظر شاہ دیوانؒ،شاہ چن چراغ ؒ،سید دیوان علی شاہؒ(سید کسراں)،سید محمد شاہ ؒ،پیر عبداللہ شاہؒ ہمدانی، بابا فضل شاہ کلیامی ؒاور کئی صوفی شعراء شامل ہیں۔پوٹھوہار کے صوفی شعراء کے بارے میں پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے صوفی فیسٹیول میں باوا شیر زمان مرزا(المعروف باوا فقیر مرزا)آف سکرانہ کے بارے میں یاسر کیانی،حافظ محمود عبداللہ شاہ کرخی ؒ (المعروف عربی شاہ قلندر)کے بارے میں، قمرمحمود عبداللہ،سائیں فیاض ویران آف میرا مٹو رکے بارے واجد اقبال حقیر اور سائیں صدیق سرکارؒ آف کلیاہ کے بارے میں قاسم اقبال جلالی نے مضمون پڑھے۔مقررین نے صوفی شعراء کی زندگی کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔ اُن کے خوب صورت عرفانہ کلام کو بہترین انداز میں پیش کرکے سامعین سے داد حاصل کی۔ اسکے بعد خطہ پوٹھوہار کے معروف شعرخوان راجا عابد آف مانکرہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شعر خوانی سے محفل کو خوب صورت بنایا۔ اُنھوں نے سارے شعر اُوپر کے سُر لگا کر پڑھے جس میں کمال کا لطف وسرور کا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر مہمان ِخصوصی صوفی فیسٹیول صاحبزادہ حسن نواز شاہ نے اس حوالے سے آرٹس کونسل میں پروگرام کے انعقاد کی بہت تعریف کی اپنے خصوصی خطاب میں انہوں بے بتایا کہ پوٹھوہار کی تاریخ میں بے شمار صوفیا ء کا تذکرہ ملتا ہے اُنھوں نے کئی صدیوں پہلے گزرے بزرگوں کے اسماء گرامی اور احوال کاتذکرہ کرکے محفل کویادگار بنا دیا۔ جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر وقار احمد کی طرف سے صاحبزادہ حسن نواز شاہ نے یاسر کیانی،قمر محمود عبداللہ،واجد حقیر،قاسم اقبال جلالی، راجا عابد، مشتاق احمد اور نعمان رزاق کو اعزای سرٹیفکیٹ پیش کئے۔آرٹس کونسل میں پوٹھوہار یونیورسٹی موومنٹ کے چیئرمین ظہیر چوہدری کی کاوشوں سے پوٹھوہاری کتا ب میلہ بھی صوفی فیسٹیول کا ایک یاد گار پہلو تھا۔جس میں پوٹھوہاری شعراء کی 50 سے زائد کتب موجود تھیں۔تمام حاضرین نے منتظمین نعمان رزاق،ظہیر چوہدری،شریف شاد اور فرید زاہدکی طرف سے نہایت محدود وقت میں شاندار پروگرام تشکیل دینے پر شکریہ ادا کیا۔ صوفی فیسٹیول میں شعراء ٹی وی آرٹسٹ اور میڈیا پرسن نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔معروف ٹی وی آرٹسٹ لبنیٰ شہزادی بھی پروگرام میں شامل ہوئیں۔اس پروگرام میں ڈاکٹر فاروق کمال،ملک امتیاز حسین،احتشام الحق،حسین امجد،اذان علی،محمد ساجد قریشی،پروفیسر راجاامجد منہاس،تیمور اکبر جنجوعہ ڈاکٹر عتیق فرہاد،سلیم قریشی،محمد قدیر،سعید علی باوا (BFP TV) توصیف احمد کلیامی (راجا جمہورنی واز)سید حسین شاہ،میڈم کوکب،جھلک علی (ٹی وی آرٹسٹ)شان علی (ٹی وی سٹار)اور کئی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔پروگرام کے آخر میں ظہیر چوہدری نے ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقار احمد کا شکریہ ادا کیا کہ اُنھوں نے میرے اور نعمان رزاق کے کہنے پر صوفی فیسٹیول میں پوٹھوہاری صوفی شعراء کو شامل کیا۔پنجاب آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم ہال میں بہت بڑی تعداد میں آنے والے مرد وزن کو یہ پروگرام ہمیشہ یاد رہے گا اور پوٹھوہاری زبان و ادب کے لئے ایک یادگار پروگرام کی حیثیت سے ہمیشہ یادوں کاخوب صورت باپ تصور ہوگا۔
231