مصطفوی ویلفیئر ٹرسٹ بھائی خان عوامی خدمت کیلئے کوشاں

تحصیل گوجرخان شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی کے طور پر جانی جاتی ہے، جی ٹی روڈ پر لاتعداد آبادیاں ہیں جو کہ تحصیل گوجرخان میں شامل ہیں، انہی میں ایک نام بھائی خان کا ہے، لاہور کی جانب سے آتے ہوئے ضلع جہلم کی حدود کراس کریں تو پہلا جبکہ راولپنڈی کی جانب سے لاہور سفر کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی تحصیل گوجرخان کا آخری دیہات ”بھائی خان“ ہے، جی ٹی روڈ پر ایک خوبصورت مسجد ہے جس کا مینار دور سے اس بات کا پتہ دیتاہے کہ ضلع راولپنڈی کی حدود شروع ہو چکی ہے جی ٹی روڈ پر جو مسجد تعمیر شدہ ہے یہ شیرشاہ سوری نے تعمیر کرائی تھی اور گزرتے وقت کیساتھ ساتھ اس کی تزئین و آرائش ہوتی رہی، یہ 2004؁ء کی بات ہے جب علاقہ بھائی خان میں ”مصطفوی“نام کی سماجی و فلاحی کاموں کی تنظیم نے اپنے کام کا آغاز کیا، چونکہ اس طرز کی کسی تنظیم کا پہلے سے وجود نہیں تھا تو شروع شروع میں لوگوں نے طرح طرح کی باتیں کیں، 14اگست 2004؁ء یوم آزادی کے دن 9 افراد سرجوڑ کر بیٹھے کہ علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے کیسے کردار ادا کیا جائے تو ان پختہ ذہنوں نے تہیہ کیا کہ ہم کچھ کریں گے، یوں 9ممبران نے ایک سوسائٹی تشکیل دی جس کا نام مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان رکھا گیا، مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل) کی شاخ ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پوری دنیا میں ویلفیئر کے کارہائے نمایاں انجام دے چکی ہے، مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کی پہلی میٹنگ میں فنڈ مبلغ 965روپے جمع ہوا اور ایک یتیم کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی گئی،ایک یتیم بچے کو سائیکل لے کر دی گئی، اس کی پڑھائی لکھائی کے اخراجات اٹھانے کی ٹھان لی گئی یوں یہ کارواں منزل کی جانب بڑھتا چلا گیا اور آج بھی عزم و ہمت کیساتھ رواں دواں ہے، متفقہ طور پر اس 9رکنی سوسائٹی نے ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی کو ناظم اعلیٰ کی ذمہ داری سونپی اور محمد شفیق مغل کو جنرل سیکرٹری و خزانچی کی ذمہ داری دی گئی، سوسائٹی کے اغراض و مقاصد اور جاری منصوبوں کے حوالے سے جنرل سیکرٹری محمد شفیق مغل نے پنڈی پوسٹ سے گفتگو میں تفصیلاً بتایا، سوسائٹی کے پراجیکٹس میں یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت، یتیموں کی پڑھائی کے اخراجات یونیفارم سکول فیس کتابیں وغیرہ، ماہانہ راشن، رمضان پیکج، عید کے موقع پر گفٹ، ایمبولینس سروس، ڈسپنسری، لائبریری، اسلامک سنٹر، قرآنک سنٹر، حلقات درود، سلائی سنٹر، یتیم بچیوں کیلئے جہیز وغیرہ شامل ہیں، جنرل سیکرٹری محمد شفیق مغل نے بتایا کہ 9ممبران سے شروع ہونے والی سوسائٹی کے اس وقت الحمدللہ 205ممبرز ہیں جو ہر ماہ اپنے عطیات دیتے ہیں، سوسائٹی کی سالانہ لاکھوں روپے کی فنڈنگ ہے اور لاکھوں روپے سالانہ خرچ کئے جاتے ہیں جس کا باقاعدہ چیک اینڈ بیلنس سسٹم ہے، شہر کے معروف ڈاکٹرز، علاقہ کی سیاسی، مذہبی، سماجی شخصیات، مخیر حضرات سوسائٹی کو فنڈنگ کرتے ہیں، کسی بڑے پراجیکٹ کیلئے جب اپیل کی جاتی ہے تو بیرون ملک مقیم افراد بھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں، علاقہ بھائی خان وگردونواح کے لوگوں کیلئے فری ایمبولینس سروس کا آغاز 2007میں کیا گیا تھا جس کا افتتاح اس وقت کے پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی اے راجہ طارق کیانی نے کیا تھا، بھائی خان میں فری مصطفوی ڈسپنسری کا افتتاح سید صدیق حسین شاہ ؒ نے 2006میں اپنے دست مبارک سے کیا، رسول پاک ؐ سے محبت کے اظہار کیلئے حلقات درود کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح بھی سید صدیق حسین شاہؒ نے کیا تھا، مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے مختلف مذہبی مواقع پر روح پرور محافل کا انعقاد کیا جاتاہے،گزشتہ سال جب کرونا وائرس کے باعث ہر شخص کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے تب بھی علاقہ کے لوگوں کیلئے کرونا ریلیف فنڈ قائم کیا گیا اور غریب، نادار، دیہاڑی دار مستحق لوگوں کیلئے راشن کا اہتمام کیا گیا، اس دوران راقم کے توسل سے مخیر حضرات کی جانب سے مستحق افراد میں رقم بھی تقسیم کی گئی، قبرستان کیلئے جگہ خرید کر وقف کرنے کا سہرا بھی مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کے سر ہے، جبکہ علاقہ میں جنازہ گاہ کاآئیڈیا بھی مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے سامنے آیا جسے علاقہ کی مخیر اور صاحب ثروت شخصیت نے عملی جامہ پہنایا، ملحقہ آبادیوں کیلئے پانی کا مسئلہ درپیش تھا تو ڈھوک مہر آباد اور کوٹ اعوان کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات اسی پلیٹ فارم سے کئے گئے، بھائی خان میں ایک عرصہ سے واٹر سپلائی سکیم چل رہی ہے جو کہ مسلسل خسارے میں جارہی تھی جس کو مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی نے 2014؁ء میں اپنے پلیٹ فارم پر لاکر روز بروز بہتری لائی اور اب واٹرسپلائی سکیم منافع میں جا رہی ہے اور لوگوں کو روزانہ بروقت گھروں میں پانی بھی میسر آ رہاہے، سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری نے بطور خاص یہ بات بھی بتائی کہ ہمارے دوست، سابق سکول ٹیچر اور صحافی راجہ جاوید اقبال مرحوم نے اپنی زندگی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے 100یتیم طلباء کیلئے شوز کا اہتمام کیا تھا اور 50بچوں کے شوز کا اہتمام الھجرہ ویلفیئر سوسائٹی گوجرخان کے تعاون سے ممکن ہوا، بیرون ملک مقیم حاجی ارشاد نے 100بچوں کے مکمل یونیفارم کا عطیہ اسی سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے دیا، علاقہ میں نادار، مستحق اور غریب گھرانے میں فوتگی ہو جانے کی صورت میں کفن دفن کا سامان، پہلے دن کا کھانا اور ٹینٹ سروس کا سامان مفت فراہم کیا جا رہاہے، یہ بات قابل ذکر اور قابل فخر ہے کہ مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کے زیرکفالت رہنے والے یتیم بچے پڑھ لکھ کر برسرروزگار ہونے کے بعد اسی سوسائٹی کے معاون بن چکے ہیں اور اب باضابطہ ڈونرز بھی ہیں، مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کا اپنا میت فریز باکس بھی ہے جو مناسب کرایہ پر اور مفت بھی فراہم کیا جاتاہے، الغرض بہت سارے ایسے کام جو ہمیں ناممکن اور مشکل دکھائی دیتے ہیں وہ اس سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے پل بھر میں پایہ تکمیل تک پہنچے اور اس وقت اس سوسائٹی کے 205ممبران پر مشتمل یہ کارواں اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے اور دعا ہے کہ یہ کارواں بڑھتا رہے اور
مستحق لوگوں کی مدد اسی طرح جاری رہے

اپنا تبصرہ بھیجیں