صرف 6 گھنٹوں میں سوا کروڑ کے ای چالان

کراچی (پنڈی پوسٹ نیوز) شہر قائد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ”ای چالان“ سسٹم کے نفاذ کے بعد ابتدائی 6 گھنٹوں میں ہی شہریوں پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کر دیئے گئے۔

ٹریفک پولیس کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق صرف چند گھنٹوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 662 چالان جاری کئے گئے، سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کئے گئے، جن کی تعداد 1 ہزار 535 رہی۔ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166، جبکہ اوور سپیڈنگ پر 419 چالان کئے گئے۔

اس کے علاوہ سٹاپ لائن خلاف ورزی کے 4، کالے شیشوں کے 7، غلط پارکنگ کے 5، نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے کے 5 اور موبائل فون کے استعمال پر 32 چالان جاری کئے گئے، غلط سمت (رانگ وے) پر ڈرائیونگ کے 3 اور لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 چالان کئے گئے۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بار بار آگاہ کیا گیا تھا کہ ای چالان سسٹم کے تحت جدید کیمروں سے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، اس لئے احتیاط برتی جائے، تاہم ابتدا ہی میں خلاف ورزیوں کی بڑی تعداد نے شہری نظم و ضبط کی سنگین صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔