صدر ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات آج متوقع

واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی، جس کی باضابطہ تصدیق وائٹ ہاؤس نے کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے اوول آفس میں شیڈول ہے۔

وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات میں عالمی و علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے، جبکہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شمولیت کے بھی قوی امکانات ہیں۔

قبل ازیں نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بھی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی، جہاں دونوں رہنماؤں نے بے تکلف انداز میں کافی دیر تک گفتگو کی۔ صدر ٹرمپ نے شہباز شریف سے بات چیت کے اختتام پر ’تھمبز اپ‘ کا اشارہ بھی کیا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا۔

اسلامی ملکوں کے رہنماؤں کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر، اردن کے بادشاہ اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔