صدر مملکت عہدہ چھوڑیں گے تو استثنیٰ بھی ختم ہو جائے گا،راجہ پرویز اشرف

سابق وزیرِاعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وسطی پنجاب کے صدر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صدر جب بھی عہدہ چھوڑیں گے، ان کا استثنیٰ بھی ختم ہو جائے گا، کیوں کہ صدر کی آئینی حفاظت صرف ان کے عہدے کے دوران ہی برقرار رہتی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق یہ بات انہوں نے پی پی پی کے رہنما میاں منظور احمد مانیکا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ میاں منظور مانیکا پی پی پی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ تھے، جو ہر مشکل اور آسان وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ آئی ایم ایف رپورٹ پر تبصرہ کیا جائے اور اسے معیار سمجھا جائے، تمام آئینی ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ کو پی ٹی آئی کے بانی سے رہنمائی کے لیے ملاقات کرنی چاہیے۔