صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قابل مذمت، پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس کا شدید احتجاج

اسلام آباد (حماد چوہدری )صدر پریس کلب کہوٹہ عمران ضمیر کے خلاف تھانہ کہوٹہ میں بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ درج کیے جانے پر پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس تحصیل اسلام آباد نے شدید احتجاج کیا ہے۔صدر پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس تحصیل اسلام آباد اکرام الحق اور جنرل سیکرٹری حماد چوہدری نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا کہ تھانہ کہوٹہ پولیس کے ذریعے جھوٹے مقدمات کا اندراج حق و سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، مگر ایسے ہتھکنڈے صحافی برادری کو سچ سامنے لانے سے نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ صدر پریس کلب کہوٹہ عمران ضمیر کو بااثر شخصیات کی ایماء اور پولیس کی ملی بھگت سے جھوٹے مقدمے میں ملوث کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر پوٹھوہار پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران نے عمران ضمیر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔رہنماؤں نے واضح کیا کہ بے بنیاد اور من گھڑت مقدمات سے حق و سچ کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔صحافتی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، وزیر قانون پنجاب، آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات ختم نہ کیے گئے تو راولپنڈی ڈویژن — بشمول جہلم، اٹک، چکوال، مری، راولپنڈی — اور اسلام آباد کے صحافی بھرپور احتجاج کریں گے۔بیان کے آخر میں کہا گیا کہ کہوٹہ پولیس اپنا رویہ درست کرے، جھوٹا مقدمہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور صحافتی برادری میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔