شاعرہ رفعت وحید کی کتاب کی تعارفی تقریب

بزم اہل قلم پاکستان اور آرٹس کونسل راولپنڈی کے اشتراک سے معروف شاعرہ محترمہ رفعت وحید کے پنجابی شعری مجموعہ ”سولی ٹنگیا سورج“کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا یہ سعادت سینئر پروڈیوسر پی ٹی وی اور شاعر علی بن عزیز نے حاصل کی جبکہ حافظ محمد جمیل جمیل نے کتاب سے انتخاب پنجابی نعتیہ کلام ترنم سے پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ بزمِ اہل قلم پاکستان کے صدر ڈاکٹر فرحت عباس نے اپنے اظہار خیال کے ساتھ محفل میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا”سولی ٹنگیا سورج“ جذبے، تخیل زبان اور اسلوب کی تازہ کاری کی بنا پر ایک قابل تحسین شعری کاوش ہے۔ یہ شاعری پنجاب کی تہذیب روایت اور اس کے سماج کے رس رچاؤ کی نمائندہ ہے۔

تخلیقی ندرت اور فکری و موضوعاتی برتاؤ کے اعتبار سے یہ شاعری پنجابی شعری روایت میں ایک اضافے کی حیثیت رکھتی ہے۔ عصری زندگی سے جڑے ہوئے موضوعات کو شاعرہ نے بڑے دلپذیر پراثر انداز و اسلوب میں پیش کیا ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں شاعرہ کو یہ خصوصی ادبی اعزاز حاصل ہے کہ یکے بعد دیگرے اپنے دو فکر انگیز شعری مجموعوں کے ساتھ شاعرہ نے خود کو دو پنجابی مجموعوں کی واحد تخلیق کار ثابت کیا ہے قبل ازیں ان کا ایک اردو شعری مجموعہ ”سمندر استعارہ ہے“ کے نام سے شائع ہو کر ملک گیر شہرت حاصل کر چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے متعدد ممتاز شعراء نے معروف شاعرہ محترمہ رفعت وحید کے دوسرے پنجابی شعری مجموعے ”سولی ٹنگیا سورج“کی تعارفی تقریب کے موقع پر کیا۔ راولپنڈی آرٹس کونسل کے ہال میں منعقدہ مذکورہ تقریب کی صدارت ممتاز شاعر و نقاد ڈاکٹر نثار ترابی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے معروف شعراء محترم صفدر وامق، جناب نسیم سحر اور گجرات سے تشریف لائے ہوئے شاعر محترم علی احمد گجراتی تھے۔ نامور نقاد اور بزرگ شاعر محترم جمیل یوسف بطور مہمان اعزاز شریکِ بزم تھے۔

صدر تقریب مہمانان خصوصی و مہمانانِ ِاعزازی کے ساتھ ساتھ معروف شعراء و ادباء عالی شعار بنگش، نیئر سرحدی، شہباز چوہان، پروفیسر خلیل الرحمٰن، مظہر شہزاد خان اور محمد اکبر نیازی نے محترمہ رفعت وحید کی شاعری اور شخصیت کے حوالے سے مضامین پڑھے اور محترم مبشر سلیم بشر نے شاعرہ پر لکھی نظم پڑھی معروف ادبی شخصیت معین قریشی نے تنظیم کی طرف سے پھول پیش کیے۔ اس موقع پر شاعرہ کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں بزم اہل قلم پاکستان کی جانب سے اہل قلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جڑواں شہروں میں مقیم متعدد قابل ذکر قلم کاروں اور فنکاروں اور ادبی تنظیموں کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں اس ادبی تقریب میں شرکت کر کے اسے یادگار بنا دیا بعد ازاں رفعت وحید نے اپنے کلام سے نوازا اور احباب کا شکریہ ادا کیا اور یوں یہ تقریب اپنے خوبصورت اختتام کو پہنچی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں