117

شادی کا جھانسہ اسلام آباد کے دو شہری اغواء،2 کروڑ تاوان کا مطالبہ

اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ سنگجانی کی حدود، جوڑی راجگان کے رہائشی دو شہری شادی کے جھانسے میں آکر خطرناک ہنی ٹریپ کا شکار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسکول کے ٹیچر طاہر عباسی اپنے دوست شکیل عباسی کے ہمراہ نکاح کی غرض سے صادق آباد روانہ ہوئے تھے، جہاں سے انہیں مبینہ طور پر کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا۔

مغوی افراد کے اہل خانہ کے مطابق دونوں شہریوں کو ایک خاتون کی جانب سے نکاح کا جھانسہ دے کر صادق آباد بلایا گیا، جہاں منصوبہ بندی کے تحت کچے کے ڈاکوؤں نے انہیں اپنے قبضے میں لے لیا۔ ڈاکوؤں نے مغویوں کی رہائی کے بدلے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے کی رقم طلب کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دے دی گئی ہے، اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سنگین واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مغویوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور ہنی ٹریپ جیسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں