ٹیکسلا۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر احسان غنی کا ٹی ایچ کیو ٹیکسلا اور ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کا ہنگامی دورہ۔ انڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا برآمد، شاپس سیل، بھاری جرمانے عائد۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا اور مختلف علاقوں میں ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے فیلڈ وزٹ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد رسول، تحصیل انٹومولوجسٹ میاں اسرار علی، ہیلتھ انسپکٹر محمد خالد اور طاہر نقاش بھی موجود تھے۔ معائنہ کے دوران مختلف گھروں کو چیک کیا گیا، جہاں انڈور مقامات پر کئی جگہوں سے ڈینگی لاروا پایا گیا۔ متعلقہ ٹیم نے فوری طور پر سپرے کروایا تاکہ ممکنہ ڈینگی پھیلاؤ کو روکا جا سکے اسی طرح آؤٹ ڈور مقامات جیسے دکانوں اور کھلے ایریاز میں بھی لاروا کی موجودگی پائی گئی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا محترمہ ماریہ جاوید کی خصوصی ہدایات پر متعدد دکانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور بھاری جرمانے عائد کئے گئے محکمہ صحت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے بعد پانی کو جمع نہ ہونے دیں کیونکہ صاف پانی میں بھی ڈینگی لاروا پنپ سکتا ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہم اس وبا سے بچ سکتے ہیں
