سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ ،پی ٹی آئی شامل نہیں

اسلام آباد(پنڈی پوسٹ)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھجوادی ہے۔الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کیاہے جس میں145سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھجوائی ہے‘ اس میں تحریک انصاف اوراس کا انتخابی نشان بلاشامل نہیں ہے۔تحریک انصاف سمیت 12 سے زائد سیاسی جماعتوں کا نام انتخابی نشانات والی فہرست میں نہیں ہے‘ریٹرنگ آفیسرز الیکشن کمیشن کی طرف سے دئیے جانے والے انتخابی نشان 13 جنوری کو الاٹ کرینگے ۔پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کو تیر‘ مسلم لیگ ن کو شیر‘پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز کا نشان الاٹ ہوا ہے۔استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب ‘پی ٹی آئی پارلیمنٹرینزکو پگڑی کا نشان ملا ہے، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو پتنگ ‘ تحریک لبیک پاکستان کو کرین کا نشان الاٹ کیا گیا ہے، جمعیت علماء اسلام پاکستان کو کتاب کا نشان الاٹ ہوا ہے‘جماعت اسلامی پاکستان کو ترازو کا نشان ملا ہے۔مراسلے میں الیکشن کمیشن نےکہا ہےکہ سیاسی جماعتوں کے نامزد امیدوارکو متعلقہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے‘سیاسی جماعتوں کےانتخابی نشانات کسی آزاد امیدوار کو نہ دیے جائیں ۔ریٹرننگ افسران کو آزاد امیدواروں کے لیے الگ انتخابی نشانات کی فہرست بھجوائی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہےکہ فہرست میں موجود نشانات کے علاوہ انتخابی نشان امیدوار کو نہ دیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں