سہالہ:پہلے 3سو لیڈیز کانسٹیبلز بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں 300 سے زائد لیڈیز کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ و ریکروٹمنٹ کنور شاہ رخ تھے۔ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ سے پاس آؤٹ ہونیوالا یہ لیڈیز کانسٹیبلز کا پہلا بیج ہے۔ کمانڈنٹ سہالہ پولیس ٹریننگ کالج و ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد اور ڈپٹی کمانڈنٹ اشفاق عالم بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔کورس کمانڈر ایس پی عنبرین علی نے پاس آؤٹ ہونیوالی لیڈی کانسٹیبلز سے حلف لیا۔ تمام لیڈی کانسٹیبلز نے آئین سے وفاداری، دیانتداری، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور خدمت کا وعدہ کیا۔ لیڈیز کانسٹیبلز نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ ایڈیشنل آئی جی کنور شاہ رخ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور دوران تربیت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی لیڈی کانسٹیبلز میں نقد انعامات اور شیلڈیں تقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ و ریکروٹمنٹ کنور شاہ رخ نے کہا کہ لیڈیز کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزادر کی پولیس ریفارمز وژن کا حصہ ہے جس کے مطابق تھانہ کلچر کو اس انداز میں تبدیل کیا جا رہا ہے کہ خواتین داد رسی کیلئے تھانوں میں آنے سے نہ گھبرائیں۔ ایڈیشنل آئی جی کنور شاہ رخ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پولیسنگ میں جدت لانے کا تہیہ کر کھا یے اور خواتین پولیس کانسٹیبلز اور افسران کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کورسسز مرتب دیئے گے ہیں۔ کنور شاہ رخ نے کہا کہ پاکستان کے ہر مرد و عورت کو تھانہ میں جا کر اپنی شکایت کے ازالہ کا آئینی حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس کانسٹیبلز کو جدید اسلحہ چلانے کی بھی ٹریننگ بھی دی گئی ہے اور اس کے علاوہ ان کو موٹر سائیکل چلانے کی بھی مہارت دی گئی ہے تاکہ وہ فیلڈ میں اپنے فرائض منصبی با آسانی سرانجام دے سکیں۔کمانڈنٹ سہالہ پولیس ٹریننگ کالج و ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد نے کہاکہ پولیس کالج سہالہ پاکستان کا صف اول کا تربیتی ادارہ ہے جہاں سے 95 ہزار سے زائد پولیس افسران تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سے پنجاب پولیس کے علاوہ موٹر وے پولیس اور دیگر فورسز کو بھی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کانسٹیبلرز کی میرٹ پر اور شفافیت سے بھرتی کی گئی ہے ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد نے کہا کہ تمام لیڈیز کانسٹیبلز کو جدید تفتیشی اصولوں کی تربیت دی گئی ہے اور وہ فیلڈ میں جا کر پنجاب پولیس کیلئے قیمتی سرمایہ ثابت ہونگی۔امتیازی پوزیشن حاصل کرنیوالی لیڈیز پولیس کانسٹیبلز کو نقد انعامات اور شیلڈیں دی گئیں۔ضلع گوجرنوالہ سے تعلق رکھنے والی سوہا صفدر علی نے پریڈ میں پہلی پوزیشن لی۔ جبکہ قصور کی رہائشی سدرہ بی بی نے نشانہ بازی میں کمانڈنٹ شیلڈ حاصل کی۔ ضلع سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی اقصیٰ خالد نے دوران تربیت مجموعی طور پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں