سٹی ٹریفک پولیس کا ایمبیسیڈر پروگرام برق رفتاری سے وسعت اختیار کر رہا ہے
سی ٹی او بینش فاطمہ کا وژن، شہری اور صحافی اپنے اپنے حلقوں میں آگاہی کے علمبردار
راولپنڈی (اعزازی رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے شروع کیا جانے والا ’’ٹریفک ایمبیسیڈر پروگرام‘‘ ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کر رہا ہے اور شہر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری، اساتذہ اور صحافی بڑی تعداد میں اس پروگرام میں شمولیت اختیار کر کے ٹریفک قوانین کے فروغ کا حصہ بن رہے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی بینش فاطمہ کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے اس پروگرام کو اس سوچ کے ساتھ ترتیب دیا کہ محض چالان اور کارروائی سے نہیں بلکہ سماجی اثر رکھنے والے باشعور افراد کے ذریعے ٹریفک شعور اجاگر کر کے شہریوں کو قائل کیا جائے۔
اس پروگرام کے تحت ہر ایمبیسیڈر کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اپنی سوسائٹی، ادارے، دفتر یا اپنے سماجی دائرۂ اثر میں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی پھیلائیں، درست طرزِ عمل کی ترغیب دیں اور لوگوں کو یہ باور کرائیں کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری محض ایک فرض نہیں بلکہ ایک مہذب شہری ہونے کی علامت ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ایمبیسیڈرز کو جدید معلومات، بروشرز اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ درست پیغام عام کریں۔
سی ٹی او بینش فاطمہ نے اس حوالے سے کہا:
یہ پروگرام ہمارے شہریوں کو محض ضابطے سمجھانے کے لیے نہیں بلکہ ان کے اندر ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ ہر ایمبیسیڈر ٹریفک قوانین کا سفیر ہے، جو اپنے علاقے میں لوگوں کے رویے بدلنے کی کوشش کرے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ سلسلہ راولپنڈی کے ٹریفک کلچر میں دیرپا اور مثبت تبدیلی لائے گا۔
سٹی ٹریفک پولیس کی اس کاوش کو شہری حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایمبیسیڈر پروگرام کی بدولت راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ایک اجتماعی تحریک کی صورت میں فروغ حاصل ہوگا۔
