سماہنی (نمائندہ خصوصی) سماہنی اور گرد و نواح میں گزشتہ روز ہونے والی تیز بارش کے نتیجے میں سماہنی نالہ میں طغیانی آگئی، جس کے باعث سمرالہ، گڑھا بنجاں اور دیگر دیہات کو جانے والی سڑک پر بنا کازوے بند ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کئی لوگ پانی میں پھنس گئے جنہیں مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے رسیوں کی مدد سے نکالا اور ڈوبنے سے بچایا۔ عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ کازوے کی بندش سے ان کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے جبکہ روزمرہ کے امور بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب، چند ماہ قبل ٹوٹنے والا معلق پُل بھی تاحال مرمت کا منتظر ہے، جس پر سیاسی قیادت اور ارباب اختیار نے کوئی توجہ نہ دی، نتیجتاً آمدورفت کے مسائل مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔
عوام علاقہ نے حکومت سے فوری امداد، کازوے کی بحالی اور متبادل راستے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انہیں بنیادی سفری سہولیات میسر آسکیں۔