سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر بصیرت ہائی سکول فار انکلوسو ایجوکیشن میں پروقار تقریب

واہ کینٹ( عمیر بھٹی سے) بصیرت ہائی اسکول فار انکلوسو ایجوکیشن میں سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سید اسد علی ڈائریکٹر السید ہسپتال تھے جبکہ مہمانانِ اعزاز میں کیپٹن (ر) عمر فاروق، پروفیسر وقار اور سر شفاقت (جو خود بھی بصارت سے محروم ہیں)، شامل تھے

اس موقع پر چیئرمین بصیرت سکول طارق جاوید قریشی اور پرنسپل محترمہ جویریہ فیصل نے طلبہ کی کارکردگی اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر اسد علی نے نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفید چھڑی خود اعتمادی اور خود انحصاری کی علامت ہے بصیرت سکول بصارت سے محروم افراد کی تعلیم وتربیت کر کے انہیں معاشرے کا بہترین شہری بنانے کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔


کیپٹن (ر) عمر فاروق نے بصارت سے محروم افراد کو معاشرے کے باہمت اور باعزم طبقے کا نمائندہ قرار دیا۔

تقریب میں بچوں نے “جم کر رہو”، “شاباشیاں” اور “اُڑ کر دکھاؤ” جیسے موضوعات پر مبنی، دل کو چھو لینے والے ٹیبلوز پیش کیے جنہوں نے ہمت، امید اور اعتماد کا خوبصورت پیغام دیا۔

آخر میں چیئرمین طارق جاوید قریشی اور پرنسپل جویریہ فیصل نے مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اسناد پیش کیں۔

تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے مواقع اور سہولتیں بڑھا کر انہیں معاشرے میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔