سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ؛ پنڈ بینسو سے تعلق رکھنے والے محمد ندیم کی میت آج وطن واپس پہنچے گی
تحصیل کلر سیداں کے گاؤں پنڈ بینسو سے تعلق رکھنے والے محمد ریاض کے بھتیجے، راشد محمود، شاہد محمود اور اسد محمود کے کزن اور عبدالرشید مرحوم کے صاحبزادے محمد ندیم 14 اپریل 2025 کو سعودی عرب کے شہر ابھا میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
مرحوم روزگار کے سلسلے میں کئی برسوں سے سعودی عرب میں مقیم تھے اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے محنت مزدوری کر رہے تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی ناگہانی موت کی خبر سے پورے خاندان اور علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
افسوسناک واقعے کے بعد قانونی اور سفارتی کارروائی مکمل کرنے میں کئی ہفتے لگے، جس کے بعد آج (19 مئی 2025) محمد ندیم کی میت پاکستان پہنچ رہی ہے۔ خاندان کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
محمد ندیم ایک شریف النفس، محنتی اور خوش اخلاق نوجوان تھے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ علاقے کی معروف شخصیات، اہل محلہ اور رشتہ دار ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔